01 مارچ ، 2024
مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم سے گورنری اور وزارتوں کے معاملات آئندہ ہفتے طے ہو جائیں گے، ان کے ساتھ ہمارے معاملات طے ہو چکے ہیں۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ میں بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر مولانا فضل الرحمان کا مینڈیٹ خیبرپختونخوا میں چوری ہو گیا ہے تو وہ مینڈیٹ ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے تو چوری نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ رابطے منقطع نہیں ہوئے، بانی پی ٹی آئی اپنے دور میں اپوزیشن کے ساتھ بات کرنا گوارا نہیں کرتے تھے، ہم بات چیت کے دروازے بند نہیں کرتے۔
اس سے قبل ایم کیو ایم کے سربراہ خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ کسی کے جعلی قرار دینے سے فرق نہیں پڑتا، ہم اصلی مینڈیٹ سے آئے ہیں، عہدے فائنل ہو گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم اس بار عوام کیلئے آئی ہے، ہم عہدوں کی لالچ میں نہیں آئے۔