Time 01 مارچ ، 2024
کھیل

پولارڈ پی ایس ایل چھوڑ کر آننت امبانی کی شادی سے قبل تقریب میں شرکت کیلئے بھارت روانہ

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

کراچی کنگز کے اہم کھلاڑی کیرون پولارڈ پی ایس ایل چھوڑ کر بھارتی ارب پتی تاجر مکیش امبانی کے بیٹے آننت کی 'پری ویڈنگ' تقریب میں شرکت کیلئے بھارت روانہ ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق کراچی کنگز کے بیٹر کیرون پولارڈ چھٹی لے کر بھارت گئے ہیں۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ کیرون پولارڈ امبانی کے بیٹے کی شادی سے قبل ہونے والی تقریبات میں شرکت کرنے کے لیے چار روز کے لیے ممبئی گئے ہیں جس کی وجہ سے وہ اتوار کو ملتان سلطانز کے خلاف میچ میں دستیاب نہیں ہوں گے۔

ذرائع کا کہناہے کہ کیرون پولارڈ راولپنڈی میں کراچی کنگز کو جوائن کریں گے۔

واضح رہے کہ بھارت کے ارب پتی تاجر مکیش امبانی کے چھوٹے بیٹے آننت امبانی اور منگیتر رادھیکا مرچنٹ کی 'پری ویڈنگ' تقریبات کا آغاز ہوگیا ہے یہ تقریبات یکم سے 3 مارچ تک  گجرات کے شہر جام نگر میں منعقد ہوں گی۔

  3 دن کی تقریبات میں 5 فنکشنز ہوں، تقریبات کے لیے 1000 مہمانوں کو مدعو کیا گیا ہے جس میں بل گیٹس اور میلنڈا گیٹس سمیت کئی اہم شخصیات شرکت کریں گی۔

واضح رہے کہ آننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی 19 جنوری 2023 کو ممبئی میں منگنی ہوئی تھی جبکہ جوڑا رواں سال 12 جولائی کو ممبئی میں شادی کے بندھن میں بندھ جائے گا۔

مزید خبریں :