پختونخوا میں بارشوں سے 27 افراد جاں بحق ہوئے، پی ڈی ایم اے نے رپورٹ جاری کر دی

وزیر اعلیٰ نے جاں بحق افرادکے ورثا اور زخمیوں کو فوری طور پر امدادی چیکس مہیا کرنے کی بھی ہدایت جاری کیں__فوٹو: فائل
 وزیر اعلیٰ نے جاں بحق افرادکے ورثا اور زخمیوں کو فوری طور پر امدادی چیکس مہیا کرنے کی بھی ہدایت جاری کیں__فوٹو: فائل

خیبرپختونخوا میں جاری حالیہ بارشوں میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات سے متعلق پی ڈی ایم اے نے رپورٹ جاری کر دی۔

 پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران صوبہ خیبرپختونخوا میں جاری بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے حادثات کے نتجے میں پشاور، مردان، مالاکنڈ، باجوڑ، سوات اور لوئر دیر سمیت مختلف علاقوں میں 27 افراد جاں بحق اور 38 افرادزخمی ہوئے۔ 

پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق 129گھروں کو جزوی جبکہ 33گھروں کو مکمل نقصان پہنچا۔

اس حوالے سے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے بھی نوٹس لیا ہے اور ان کی ہدایت پر متاثرین میں امدادی سامان تقسیم کیا جا رہا ہے۔

اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ کے پی نے جاں بحق افرادکے ورثا اور  زخمیوں کو فوری طور پر امدادی چیکس مہیا کرنے کی بھی ہدایت کی ہے اور ہدایت کی ہے کہ بند راستوں کو کھولنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ 

وزیراعلیٰ نے تمام متعلقہ اداروں، پی ڈی ایم اے، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو 1122 کو مکمل الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی۔ 

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے محمد قیصر خان نے کہا کہ متاثرہ اضلاع میں امدادی کاروائیاں جاری ہیں، مالم جبہ میں شدید برفباری سے محصور 6 سیاحوں کو ریسکیوکر لیا گیا ہے اور پی ڈی ایم اے تمام اضلاع کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے۔

مزید خبریں :