سڑک کے ساتھ ساتھ فضا میں پرواز کرنے والی منفرد گاڑی

اسے ایک امریکی کمپنی نے تیار کیا ہے / رائٹرز فوٹو
اسے ایک امریکی کمپنی نے تیار کیا ہے / رائٹرز فوٹو

زمین پر دوڑنے کے ساتھ ساتھ فضا میں پرواز کرنے والی منفرد گاڑی جس کو دیکھ کر لگتا ہے کہ وہ کسی سائنس فکشن فلم سے نکل کر ہماری دنیا میں پہنچ گئی ہے۔

امریکی کمپنی الیف ایرو ناٹیکس کی 2 نشستوں والی اڑن گاڑی ابھی صارفین کو دستیاب نہیں مگر ابھی بھی لوگ اس کے 2850 یونٹس اپنے لیے مختص کرا چکے ہیں۔

جب بھی الیف ماڈل اے نامی یہ گاڑی صارفین کو دستیاب ہوگی تو اس کی قیمت 3 لاکھ ڈالرز رکھی جائے گی۔

کمپنی کو توقع ہے کہ 2025 تک یہ گاڑی لوگوں کو سڑک پر سفر کے ساتھ ساتھ فضا میں پرواز کی سہولت فراہم کرسکے گی۔

یہ الیکٹرک گاڑی سڑک پر 25 سے 35 میل جبکہ فضا میں 110 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر طے کرسکے گی۔

اس گاڑی کے اندر 8 پروپیلر نصب ہیں اور کمپنی کے مطابق یہ اڑن گاڑی دنیا بھر میں ٹریفک کا مسئلہ حل کرسکتی ہے۔

یہ گاڑی کسی ہیلی کاپٹر کی طرح ٹیک آف اور لینڈ کرسکے گی اور اس کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں پرواز میں مدد فراہم کرنے والے ونگ یا پر موجود نہیں۔

اس گاڑی میں کوئی ونگ موجود نہیں / فوٹو بشکریہ الیف ایرو ناٹیکس
اس گاڑی میں کوئی ونگ موجود نہیں / فوٹو بشکریہ الیف ایرو ناٹیکس

چونکہ اس میں ونگ نہیں تو یہ کسی ڈرون کی طرح پرواز کرسکے گی جس کے پروپیلر پرواز میں مددگار ثابت ہوں گے۔

کمپنی کو 2023 میں امریکا کی فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے گاڑی کی تیاری اور تحقیق کے لیے خصوصی سرٹیفکیٹ جاری کیا گیا تھا، مگر اس کی پرواز کی آزمائش کے لیے ابھی اجازت درکار ہے۔

اس کمپنی کو ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس کی جانب سے بھی سرمایہ فراہم کیا گیا ہے۔

مزید خبریں :