05 مارچ ، 2024
شادی کے بعد خواتین کے مقابلے میں مردوں کے جسمانی وزن میں اضافے کا امکان زیادہ ہوتا ہے۔
یہ دعویٰ چین میں ہونے والی ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آیا۔
چائنیز اکیڈمی آف سوشل سائنس کی اس تحقیق میں 1989 سے 2015 کے دوران ہونے والے چائنا ہیلتھ اینڈ نیوٹریشن سروے کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ شادی سے مردوں کے جسمانی وزن میں اضافے کا امکان 5.2 فیصد تک بڑھ جاتا ہے جبکہ موٹاپے کا خطرہ ڈھائی فیصد زیادہ ہوتا ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ شادی کے بعد مردوں کے جسمانی وزن میں اضافے کا امکان اس لیے بڑھتا ہے کہ وہ زیادہ کھانے لگتے ہیں جبکہ ورزش کا دورانیہ گھٹ جاتا ہے۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ شادی کے بعد 5 سال کے اندر مردوں کے جسمانی وزن پر اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
البتہ خواتین میں اس حوالے سے کوئی خاص فرق دریافت نہیں ہوا۔
محققین نے بتایا کہ عمر میں اضافے کے ساتھ مردوں میں موٹاپے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے تو شادی کے بعد انہیں صحت بخش غذاؤں کے استعمال اور ورزش کو معمول بنانے کی ضرورت ہوتی ہے۔
اس سے قبل بھی تحقیقی رپورٹس میں یہی بتایا گیا تھا کہ تنہا رہنے والوں کے مقابلے میں شادی شدہ افراد کے جسمانی وزن میں اضافے کا امکان زیادہ ہوتا ہے۔
8 ہزار سے زیادہ افراد پر ہونے والی ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ شادی کے اولین 5 سال کے دوران خواتین کے اوسط وزن میں 10 کلو گرام اضافہ ہو جاتا ہے۔
ایک اور تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ اپنی شادی سے خوش نوبیاہتا جوڑوں کے جسمانی وزن میں اضافے کا امکان زیادہ ہوتا ہے۔
ایک تحقیق میں دعویٰ کیا گیا کہ اگر شادی کے بعد شوہر یا بیوی میں سے کوئی موٹاپے کا شکار ہو جائے تو اس بات کا امکان 37 فیصد تک بڑھ جاتا ہے کہ اس کے شریک حیات کو بھی موٹاپے کا سامنا ہوگا۔
اس نئی تحقیق کے نتائج جرنل اکنامکس اینڈ ہیومین بائیولوجی میں شائع ہوئے۔