05 مارچ ، 2024
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سنی اتحاد کونسل (ایس آئی سی) کی درخواست مسترد ہونے کے بعد خواتین اور اقلیتوں کیلئے مختص نشستیں دوسری جماعتوں میں تقسیم کردیں۔
الیکشن کمیشن نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کیلئے مخصوص نشستوں کے نوٹیفکیشن جاری کر دیے۔
قومی اسمبلی کی خیبر پختونخوا سے خواتین کی مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والے ارکان کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ پاکستان مسلم لیگ ن کو چار اور جے یو آئی اور پیپلز پارٹی کو دو دو نشستیں مل گئیں۔
ن لیگ کی ثوبیہ شاہد، غزالہ انجم، شہلا بانو اور شاہین رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئیں جبکہ جے یو آئی کی نعیمہ کشور اور صدف احسان اور پیپلز پارٹی کی عاصمہ ارباب اور نعیمہ کنول رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئیں۔
قومی اسمبلی میں اقلیتوں کی مخصوص نشست کا بھی نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔ پاکستان مسلم لیگ ن، جے یو آئی اور پیپلز پارٹی کو ایک ایک نشست ملی۔ نیلم ، جیمز اقبال اور رمیش کمار رکن قومی اسمبلی منتخب ہو گئے۔
خیبر پختونخوا اسمبلی کی خواتین ارکان کے نوٹیفکیشن کے مطابق جمعیت علمائے اسلام کو 8، مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کو5، 5 نشستیں جبکہ عوامی نیشنل پارٹی اور پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کو ایک ایک نشست ملی ہے۔
جے یو آئی کی نعیمہ کشور، ستارہ آفرین، ایمن جلیل، مدینہ گل آفریدی، رابعہ شاہین، نیلوفر بیگم، عارفہ بی بی اور ناہیدہ نور رکن خیبر پختونخوا اسمبلی منتخب ہوگئیں۔ مسلم لیگ ن کی آمنہ صفدر، فائزہ ملک، افشاں حسین، شازیہ جدون اور جمیلہ پراچہ جبکہ پیپلز پارٹی کی شازیہ تہماس، نعیمہ کنول، مہر سلطانہ، اشبار جان جدون اور فرزانہ شیریں رکن خیبر پختونخوا اسمبلی بن گئیں۔
پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کی نادیہ شیر اور اے این پی کی خدیجہ بی بی رکن خیبر پختونخوا اسمبلی منتخب ہوئیں۔
خیبر پختونخوا اسمبلی میں اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کا بھی نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق جے یو آئی، مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کا ایک ایک رکن منتخب ہوا۔
پنجاب سے قومی اسمبلی کی خواتین کی مخصوص نشستوں کے بھی نوٹیفکیشن جاری کردیے گئے۔
پیپلز پارٹی کو 2 اور مسلم لیگ ن کو ایک نشست مل گئی۔
پیپلز پارٹی کی ثمینہ خالد گھرکی اور نتاشہ دولتانہ جبکہ مسلم لیگ ن کی تمکین نیازی رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئیں۔
پنجاب اسمبلی میں بھی اقلیتوں کی نشست کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔ مسلم لیگ ن کو دو، پیپلز پارٹی کو ایک نشست ملی۔
سندھ اسمبلی میں بھی پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کو خواتین کی ایک ایک نشست مل گئی۔ پیپلز پارٹی کی سمیتہ افضل اور ایم کیو ایم کی فوزیہ حمید رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئیں جبکہ پیپلز پارٹی کے شدو مل سریندر ولسائی اقلیتی نشست پر رکن سندھ اسمبلی منتخب ہو گئے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے سنی اتحاد کونسل کی خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کیلئے درخواست مسترد کردی تھی۔