06 مارچ ، 2024
حج برائے 2024 کے عازمین کی سہولت کیلئے کراچی سے ’روڈ ٹو مکہ‘ کے سروے کیلئے 12 رکنی سعودی وفد کراچی پہنچ گیا۔
جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر 'روڈ ٹو مکہ' پراجیکٹ شروع کرنے کیلئے سعودی عرب کے 12 رکنی اعلیٰ سطح کے وفد نے کراچی ائیرپورٹ پر لینڈ کیا۔
سعودی وفد کو کراچی ائیرپورٹ پر وفاقی سیکرٹری مذہبی امور اور ڈائریکٹر حج کراچی نے ویلکم کیا۔
بعد ازاں اعلیٰ سطحی سعودی وفد نے روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے سلسلے میں کراچی جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا دورہ کیا۔
سعودی سفیر کی قیادت میں سعودی وفد نے سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے)، فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے حکام سے ملاقات کی، اس موقع پر امیگریشن، کسٹمز اور ائیرپورٹ سمیت مختلف محکموں کے حکام بھی موجود تھے۔
ملاقات میں ائیرپورٹ سکیورٹی فورس (ASF)، اور اینٹی نارکوٹکس فورس (ANF) حکام بھی موجود تھے۔
خیال رہے کہ سعودی وفد کے دورے کا مقصد حج زائرین کے لیےکراچی ائیرپورٹ پر سعودی امیگریشن سہولیات کے لیے ممکنہ مقامات کا سروے کرنا ہے۔
جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ میں لاؤنج، ہال اور ٹرمینل حتمی طور پر مختص ہونے کے بعد وہاں سعودی اہلکار کاؤنٹرز اور آلات لگا سکیں گے، اس سے قبل روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ کا اسلام آباد ائیرپورٹ پر پہلے ہی کامیابی سے نفاذ ہوچکا ہے۔
اس منصوبے کے تحت کراچی کے حجاج کرام بھی اسلام آباد کی طرح ڈومیسٹک مسافر کے طور پر جدہ پہنچیں گے، سعودی حکام 'روڈ ٹو مکہ' پراجیکٹ کے تحت حجاج کی امیگریشن کے لیے سروے کریں گے۔
روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت حج کے دوران کراچی ائیرپورٹ پر حجاج کی امیگریشن جدہ ائیرپورٹ پر نہیں ہوگی، کراچی کے علاوہ لاہور ائیرپورٹس کو بھی 'روڈ ٹو مکہ' پراجیکٹ میں شامل کرنے کا منصوبہ ہے۔
سعودی حکام کی رپورٹ پر کراچی ائیرپورٹ کو اس سال حج کے دوران 'روڈ ٹو مکہ' پراجیکٹ میں شامل کیا جائے گا۔