06 مارچ ، 2024
محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے ٹرسٹ کو جعلی دستاویزات کے ذریعے ہتھیانے اور فنڈز میں خرد برد کا انکشاف ہوا ہے۔
محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنا کر ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا، ان کا خواب تھا کہ لاہور میں عوام کے مفت علاج کے لیے ایک اسپتال بنائیں۔
اس حوالے سے انہوں نے ایک بورڈ آف ٹرسٹ بنایا تھا، پھر بعض ممبران کو انہوں نے اپنی زندگی میں ہی ٹرسٹ سے نکال دیا تھا تاہم ان کی وفات کے بعد ان افراد نے جعل سازی کرکے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا نام ہی ٹرسٹ سے نکال دیا اور جعلی دستاویزات پر ٹرسٹ ڈیڈ رجسٹر بھی کرالی۔
ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی بیٹی کی 2 سال کی جدوجہد کے بعد بالآخر مبینہ جعل سازوں کے خلاف لاہور میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔
اس حوالے سے جیو نیوز سےگفتگو میں ڈاکٹر دینا نے بتایا کہ والد کے ٹرسٹ کو جعل سازوں سے بچانےکے لیے انہوں نے ہر دروازہ کھٹکھٹایا، لیکن انہیں انصاف نہ ملا اور الٹا مخالفین نے ان کی ذات پر کیچڑ بھی اچھالا۔
ڈاکٹر ڈینا خان کہتی ہیں کہ جعل سازی کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کے بعد انہیں امید ہےکہ عدالتیں انصاف فراہم کریں گی اور وہ اپنے والد کا خواب پورا کر سکیں گی۔