07 مارچ ، 2024
اگر آپ ناشتے میں سفید ڈبل روٹی کھانا پسند کرتے ہیں تو بہتر ہے کہ اسے کسی اور غذا میں تبدیل کر دیں کیونکہ یہ عادت آپ کی شخصیت کی کشش کم کرنے کا باعث بنتی ہے۔
یہ دلچسپ دعویٰ فرانس میں ہونے والی ایک تحقیق میں سامنے آیا۔
Montpellier یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ جو افراد ناشتے میں ریفائن کاربوہائیڈریٹس سے بنی اشیا جیسے سفید ڈبل روٹی، سفید آٹے سے بنے پراٹھے یا کیک وغیرہ کھانا پسند کرتے ہیں، وہ لوگوں کو کم پرکشش نظر آتے ہیں۔
اس کے مقابلے میں ناشتے میں پھلوں، براؤن بریڈ یا دیسی گندم سے بنی اشیا کا استعمال شخصیت کو پرکشش بنانے کے ساتھ ساتھ صحت کے لیے بھی مفید ثابت ہوتا ہے۔
محققین کا ماننا ہے کہ ریفائن کاربوہائیڈریٹس سے بنی اشیا کے استعمال سے بلڈ شوگر اور انسولین کی سطح میں تبدیلیاں آتی ہیں، جس سے کھانے کے فوری بعد جِلد پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں جبکہ طویل المعیاد بنیادوں پر ہارمونز بھی متاثر ہوسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ تصور کرنا حیران کن ہے کہ ہمارا غذائی انتخاب کتنی تیزی سے شخصیت پر اثرانداز ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جسمانی تبدیلیوں سے چہرے کی کشش متاثر ہوتی ہے اور دیگر افراد کو ہم کم پرکشش لگنے لگتے ہیں۔
اس تحقیق میں 20 سے 30 سال کی عمر کے 52 مردوں اور 52 خواتین کو شامل کیا گیا تھا۔
انہیں 2 گروپس میں تقسیم کرکے ریفائن یا خام کاربوہائیڈریٹس پر مشتمل ناشتہ کرنے کی ہدایت کی گئی۔
ناشتے سے پہلے اور بعد میں ان افراد کے بلڈ شوگر لیول کا جائزہ لیا گیا اور ان کی تصاویر لے کر دیگر افراد کو دکھا کر شخصیت کے بارے میں رائے پوچھی گئی۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ ناشتے میں ریفائن کاربوہائیڈریٹس کا استعمال مردوں اور خواتین کے چہروں کی کشش کو عارضی طور پر کم کر دیتا ہے۔
تحقیق کے مطابق ریفائن کاربوہائیڈریٹس سے جسم میں بلڈ شوگر کی سطح میں تیزی سے اضافہ ہوتا ہے جس کے ردعمل میں جسم کی جانب سے انسولین کا اخراج ہوتا ہے۔
اس ردعمل سے بلڈ شوگر کی سطح میں بہت تیزی سے کمی آتی ہے جس سے خون کا بہاؤ اور جِلد کی خوبصورتی متاثر ہوتی ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ حیران کن نہیں کہ غذا شخصیت کی کشش پر اثر انداز ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پھلوں اور سبزیوں سے جسم میں نباتاتی مرکبات بڑھتے ہیں جس سے جسمانی کشش بہتر ہوتی ہے جبکہ زیادہ چینی والی اشیا سے جِلد کی عمر تیزی سے بڑھتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کو ریفائن کاربوہائیڈریٹس پر مبنی غذائی اشیا کا استعمال محدود کرنا چاہیے تاکہ ان کی صحت اور جسمانی خوبصورتی دونوں پر منفی اثرات مرتب نہ ہوں۔
ماہرین کے مطابق سالم اناج سے تیار کی گئی ڈبل روٹی یا روٹی، سیب یا مالٹے اور بغیر چینی کی چائے یا کافی کا ناشتے میں استعمال صحت کے ساتھ ساتھ جِلد کی خوبصورتی کے لیے بھی بہترین ہوتا ہے۔
اس تحقیق کے نتائج Plos One میں شائع ہوئے۔