08 مارچ ، 2024
امراض قلب بشمول ہارٹ اٹیک اور فالج سمیت قبل از وقت موت سے بچنا چاہتے ہیں؟ تو روزانہ کچھ وقت چلنا عادت بنالیں۔
درحقیقت روزانہ 10 ہزار قدم چلنے کے بعد باقی دن بیٹھ یا لیٹ کر گزارنے سے بھی امراض قلب اور قبل از وقت موت کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
یہ دعویٰ آسٹریلیا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔
سڈنی یونیورسٹی کی اس تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ 2200 قدموں کے بعد ہر اضافی قدم چلنے سے امراض قلب اور قبل از وقت موت کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔
اس تحقیق میں 70 ہزار سے زائد افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا تھا۔
7 دن تک ان افراد کی جسمانی سرگرمیوں کا جائزہ ٹریکرز سے لیا گیا اور پھر ان کی صحت کا مشاہدہ 7 سال تک کیا گیا۔
اس عرصے میں 1633 افراد ہلاک ہوئے جبکہ 6190 میں ہارٹ اٹیک یا فالج کے واقعات سامنے آئے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ روزانہ 9 ہزار سے 10 ہزار 500 قدم چلنے والے افراد میں قبل از وقت موت کا خطرہ 39 فیصد جبکہ ہارٹ اٹیک یا فالج کا خطرہ 20 فیصد تک گھٹ جاتا ہے۔
محققین کے مطابق اگر 10 ہزار قدم چلنا ممکن نہیں تو 2200 قدموں سے زائد چلنے سے بھی موت اور امراض قلب کا خطرہ کم کرنا ممکن ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ہم یہ پہلے سے جانتے ہیں کہ جسمانی سرگرمیوں سے امراض قلب اور فالج کا خطرہ کم ہوتا ہے، مگر نتائج سے ثابت ہوتا ہے کہ ڈھائی ہزار قدم چلنے سے بھی فالج کا خطرہ کم کیا جا سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم ہر فرد کو مشورہ دیتے ہیں کہ دل کی صحت کے لیے ہر ہفتے 150 منٹ کی معتدل ورزش کرنے کی کوشش کریں۔
محققین کے مطابق معتدل ورزش میں ہر قسم کی جسمانی سرگرمی کو شامل کیا جا سکتا ہے جیسے کمپیوٹر پر کام کرتے ہوئے کچھ دیر کے لیے چہل قدمی کرنا بھی صحت کے لیے مفید ہوتا ہے۔
اس تحقیق کے نتائج برٹش جرنل آف اسپورٹس میڈیسن میں شائع ہوئے۔