سندھ اسمبلی کی 3 مخصوص نشستوں کو صدارتی انتخابات میں نہ گنا جائے:عدالت کا حکم

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

سندھ ہائیکورٹ نے حکم جاری کیا ہے کہ سندھ اسمبلی کی تین مخصوص نشستوں کو صدارتی انتخابات میں نہ گنا جائے۔

پیپلز پارٹی کی سمیتا افضال،ایم کیو ایم کی فوزیہ حمید اور پیپلز پارٹی کی اقلیتی نشست پر سریندر ولاسائی نے گزشتہ روز حلف لیا تھا۔

تاہم آج سندھ ہائیکورٹ نے سندھ اسمبلی میں سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں نا دینے کے کیس کا  تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔

عدالتی حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ صدارتی الیکشن میں عدالت سندھ اسمبلی کے اراکین کی جانب سے اپنے پسندیدہ امیدوار کے حق میں ووٹ ڈالنے کے عمل میں مداخلت نہیں کرنا چاہتی ہے ، تاہم سندھ اسمبلی کے ان تین ووٹوں کو فیصلہ کن ووٹ نا سمجھا جائے جب تک درخواست کا حتمی فیصلہ نا ہو جائے۔

ایڈووکیٹ جنرل سندھ کی جانب سے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر اعتراض کیا گیا ہے۔

دوسری جانب سندھ حکومت کا مؤقف ہے کہ سندھ اسمبلیوں کے تینوں اراکین 7 مارچ کو حلف لے چکے ہیں درخواست غیر موثر ہوچکی ہے ۔

عدالت نے الیکشن کمیشن، ایم کیوایم پاکستان، پیپلزپارٹی سے 28 مارچ کو جواب طلب کرلیا ہے۔

ادھر  لاہور ہائیکورٹ میں سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں نہ ملنے کے خلاف درخواست پرفریقین کو نوٹس جاری اور جواب طلب  کرلیا،مزید سماعت 13 مارچ تک ملتوی کردی گئی۔

مزید خبریں :