بلاول والد کیلئے صدارتی ووٹ مانگنے پنجاب حکومت کے پاس پہنچ گئے

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو اپنے والد آصف زرداری کے لیے صدارتی ووٹ مانگنے پنجاب حکومت کے پاس پہنچ گئے۔

لاہور میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی گورنر ہاؤس میں ملاقات ہوئی۔

چیئرمین پی پی بلاول بھٹو نے مریم نواز شریف کو عہدہ سنبھا لنے پر مبارکباد دی، ملاقات میں کل ہونے والے صدارتی الیکشن پرمشترکہ حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر ہاؤس میں مریم کے ہمراہ اجلاس سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج میں آپ سب سے اپنے والد کیلئے ووٹ مانگنے آیا ہوں، آصف زرداری آپ کا ایسے ہی خیال رکھیں گے جیسا میرا رکھتے ہیں، آصف زرداری سب سے ایسےہی ملتے ہیں جیسے اپنی پارٹی کے نمائندہ سے ملتے ہیں۔

بلاول نے کہا کہ صدر کا عہدہ وفاق کی نمائندگی کرتا ہے، ایک مخصوص جماعت نے تقسیم پیدا کی، اس مسئلہ کو ہم نے حل کرنا ہے، کبھی پاکستان کی سیاست اور ثقافت ایسی نہیں رہی، آگے بڑھیں نفرت اور سیاست کی تقسیم کو دفن کریں، ایسا راستہ نکالیں کہ معاشرہ ترقی کرنا شروع کرے، وفاق اور چاروں صوبے مل کر آگے چلیں گے۔

 اس موقع پر مریم نواز نے کہاکہ بلاول ووٹ مانگنے نہ بھی آتے تو بھی ن لیگ کا ووٹ زرداری کے لیے ہی تھا ، آصف زرداری ہی صدارتی الیکشن میں ن لیگ کے امیدوار ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ مسائل اتنے گھمبیر ہیں کہ کوئی جماعت اکیلے حل نہیں کرسکتی، ہم سب مل کر بیٹھیں گے، ہمارا مشترکہ ایجنڈا ملک کو بحران سے نکالنا ہے، آج مجھے محترمہ فاطمہ جناح اور بینظیر بھٹو شہید کی یاد آرہی ہے ۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کا لوگوں سے اچھا ملنا جلنا ہے، ان کا میرے ساتھ بھی اچھا تعلق ہے۔

واضح رہے کہ صدر مملکت کے لیے انتخاب کل ہوگا، ایوان صدر میں نومنتخب صدر مملکت کی حلف برداری کی تیاریاں شروع ہوگئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق نو منتخب صدر مملکت کی حلف برداری کی تقریب 10 مارچ کو شام 4 بجے ہوگی،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نو منتخب صدر سے حلف لیں گے۔

مزید خبریں :