انڈونیشیا میں دوران پرواز دونوں پائلٹ سوگئے، طیارے کا رخ مڑ گیا

پرواز کو 32 اور 28 سالہ پائلٹ اڑا رہے تھے اور 28 منٹ تک طیارہ بغیر پائلٹ کے پرواز کرتا رہا—فوٹو: انڈونیشین میڈیا
پرواز کو 32 اور 28 سالہ پائلٹ اڑا رہے تھے اور 28 منٹ تک طیارہ بغیر پائلٹ کے پرواز کرتا رہا—فوٹو: انڈونیشین میڈیا

انڈونیشیا میں پرواز کے دوران دونوں پائلٹ ایک ایک کرکے سو گئے جس کے بعد طیارے کا رخ تبدیل ہوگیا لیکن خوش قسمتی سے طیارہ کسی بڑے حادثے سے محفوظ رہا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ 25 جنوری 2024 کو اس وقت پیش آیا جب باتیک ائیرلائنز کی فلائٹ ID6723 شمالی انڈونیشیا کے علاقے سولاویسی سے دارالحکومت جکارتہ جارہی تھی۔

واقعہ کی ابتدائی رپورٹ حال ہی میں جاری کی گئی جس کے مطابق  پرواز  کو 32 اور 28 سالہ پائلٹ اڑا رہے تھے اور 28 منٹ تک طیارہ بغیر پائلٹ کے پرواز کرتا رہا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ جیسے ہی طیارہ مقامی وقت کے مطابق تقریباً 08:37 پر آسمان کی بلندی پر پہنچا تو پائلٹ نے فرسٹ آفیسر سے پوچھا کہ کیا وہ سوسکتا ہے؟ فرسٹ آفیسر نے رضامندی ظاہر کی اور پائلٹ سو گیا، فرسٹ آفیسر نے اگلے 40 منٹ تک پائلٹ کا کام سنبھالا اور ائیر ٹریفک کنٹرول سے رابطے میں رہا۔

بعدازاں وہ بھی نادانستہ طور پر سوگیا جس کے بعد ان کا ائیرٹریفک کنٹرول سے رابطہ منقطع ہوگیا اور یوں 28 منٹ تک طیارہ بغیر پائلٹ کے چلتا رہا جس میں 153 مسافر سمیت عملے کے 4 افراد بھی سوار تھے۔

بتایا گیا کہ جب پائلٹ کی آنکھ کھلی تو پتا چلا کہ طیارہ درست سمت میں نہیں ہے جس کے بعد اس نے ساتھی کو اٹھایا اور ائیر ٹریفک کنٹرول کو جواب دیا، انہوں نے جواز پیش کیا کہ ان کے ریڈیو میں کچھ مسئلہ ہوگیا تھا جس کی وجہ سے وہ جواب نہیں دے سکے۔

مزید خبریں :