انسٹا گرام میں خاموشی سے ایک دلچسپ گیم کا اضافہ

یہ گیم ڈائریکٹ میسج سیکشن میں چھپی ہے / فائل فوٹو
یہ گیم ڈائریکٹ میسج سیکشن میں چھپی ہے / فائل فوٹو

انسٹا گرام نے خاموشی سے ایک دلچسپ گیم کو فوٹو شیئرنگ ایپ کا حصہ بنا دیا ہے۔

جی ہاں واقعی میٹا کی زیر ملکیت ایپ میں ایک نئی گیم کو شامل کیا گیا ہے جو پرانی گیمز کے شوقین افراد کو ضرور پسند آئے گی۔

یہ گیم ماضی میں موبائل فونز میں دستیاب گیمز پونگ سے ملتی جلتی ہے۔

اس گیم تک رسائی کے لیے ڈائریکٹ میسج میں جاکر کسی چیٹ کو اوپن کرنا ہوگا۔

اس چیٹ پر کسی بھی ایموجی کو سینڈ کرکے اس پر کلک کریں، ایسا کرنے پر اسکرین کا رنگ پیلا ہو جائے گا اور آپ کی منتخب ایموجی وہاں نظر آئے گی۔

اس کے بعد اوپر سے ایموجیز کی برسات شروع ہو جائے گی اور بتدریج بیک گراؤنڈ کلر گہرا ہوتا جائے گا جبکہ ایموجیز گرنے کی رفتار بھی بڑھ جائے گی۔

گیم میں آپ کا ہائی اسکور محفوظ رہے گا۔

جب آپ کسی فرد کو ایموجی بھیج کر گیم کھیلنا شروع کریں گے تو اسے علم نہیں ہوگا، البتہ وہ یہ ضرور پوچھ سکتا ہے کہ بلاوجہ ایموجی بھیجنے کا مقصد کیا ہے۔

گیم کا یوزر انٹرفیس ایسا ہے / فوٹو بشکریہ ٹیک کرنچ
گیم کا یوزر انٹرفیس ایسا ہے / فوٹو بشکریہ ٹیک کرنچ

یہ گیم آئی او ایس اور اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے بیشتر صارفین کو دستیاب ہے۔

انسٹا گرام کی جانب سے بھی گیم کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا کہ ہم ہمیشہ ایپ کو تفریح کا ذریعہ بنانے کے لیے نئے فیچرز کی آزمائش کرتے رہتے ہیں۔

البتہ کمپنی کی جانب سے تمام صارفین کے لیے گیم کی دستیابی کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔