گمراہ کن مواد کی روک تھام، فیس بک اور انسٹا گرام میں اے آئی تصاویر پر لیبلز لگانے کا فیصلہ

کمپنی نے ایک بلاگ پوسٹ میں یہ اعلان کیا / فوٹو بشکریہ میٹا
کمپنی نے ایک بلاگ پوسٹ میں یہ اعلان کیا / فوٹو بشکریہ میٹا

میٹا کی جانب سے فیس بک، انسٹا گرام اور تھریڈز پر پوسٹ کی جانے والی آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی تصاویر پر لیبل لگائے جائیں گے، تاکہ صارفین کو ان کی حقیقت معلوم ہو۔

میٹا کی جانب سے پہلے ہی اس کے امیجن اے آئی انجن سے تیار کیے جانے والے مواد پر لیبلز اور واٹر مارک کا اضافہ کیا جاتا ہے۔

مگر مستقبل قریب میں تھرڈ پارٹی ذرائع جیسے اوپن اے آئی، گوگل اور دیگر سے تیار کی جانے والی تصاویر پر بھی لیبلز کا اضافہ کیا جائے گا۔

یہ تو ابھی مکمل طور پر واضح نہیں کہ یہ لیبلز دیکھنے میں کیسے ہوں گے مگر میٹا کی بلاگ پوسٹ میں جو تصویر پوسٹ کی گئی ہے، اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ایسی تصاویر پر اے آئی انفو کے الفاظ لکھے ہوں گے۔

میٹا کے مطابق ابھی یہ ڈیزائن حتمی نہیں اور جب تک اسے باضابطہ طور پر متعارف کرایا جائے گا تو اس میں تبدیلی ہو سکتی ہے۔

بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا کہ لیبلز کے ساتھ ساتھ ایسے ٹولز پر بھی کام کیا جا رہا ہے جو تھرڈ پارٹی امیج جنریٹرز کی تصاویر پر موجود نادیدہ واٹر مارک کو شناخت کر سکیں گے۔

فی الحال صرف اے آئی تصاویر کے لیے اس پالیسی کا اطلاق ہو رہا ہے اور میٹا نے اعتراف کیا ہے کہ ابھی ایسی ٹیکنالوجی نہیں جس سے اے آئی ٹیکنالوجی سے تیار کردہ آڈیو اور ویڈیو کی شناخت کی جا سکے۔

اس حوالے سے کام کیا جا رہا ہے جبکہ صارفین پر زور دیا جائے گا کہ وہ اے آئی آڈیو یا ویڈیو فائل اپ لوڈ کرتے ہوئے یہ واضح کریں کہ انہیں اے آئی ٹیکنالوجی کی مدد سے تیار کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ میٹا کی جانب سے اے آئی تصاویر کی روک تھام گمراہ کن مواد کو وائرل ہونے سے روکنے کے لیے کی جا رہی ہے۔

مزید خبریں :