18 مارچ ، 2024
جسمانی صحت کے لیے ورزش کو بہت اہم قرار دیا جاتا ہے تاہم ہر فرد کے لیے اس کے وقت نکالنا آسان نہیں ہوتا۔
مگر سائنسدانوں نے ایک ایسی دوا کی تیاری میں پیشرفت کی ہے جو لوگوں کے لیے ورزش کی ضرورت ہی ختم کر دے گی۔
جی ہاں واقعی ایسے کیمیائی مرکبات دریافت کیے گئے ہیں جن سے صحت کو ورزش جیسے فوائد ہو سکتے ہیں۔
ان کیمیائی مرکبات پر مبنی دوا کے استعمال سے میٹابولزم اور مسلز کے خلیات پر وہی اثرات مرتب ہوں گے جو ورزش کرنے سے ہوتے ہیں۔
امریکا کی واشنگٹن یونیورسٹی کے ماہرین نے بتایا کہ اس دوا سے ان افراد کو فائدہ ہوگا جو مختلف امراض کے باعث ورزش نہیں کرپاتے جس سے مسلز کمزور ہو جاتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ ورزش جسم اور صحت کے لیے بہت زیادہ مفید ہوتی ہے مگر ہر فرد ورزش نہیں کرپاتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسے افراد کے لیے ایسی دوا مفید ہوگی جس کے استعمال سے ورزش جیسا فائدہ ہو۔
واضح رہے کہ ورزش سے مسلز میں مخصوص پروٹینز متحرک ہونے سے میٹابولک تبدیلیاں آتی ہیں اور محققین نے ان تبدیلیوں کو دیکھ کر ہی مرکبات تیار کیے ہیں۔
محققین نے ان مرکبات کو گولی کی شکل دیکر اس دوا کا نام SLU-PP-332 رکھا جو تمام پروٹینز کو متحرک کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
اس دوا کے تجربات ابھی چوہوں پر کیے گئے ہیں اور نتائج سے معلوم ہوا کہ دوا کے استعمال سے جانوروں کے مسلز کے افعال بہتر ہوگئے۔
مزید تحقیق سے سائنسدانوں نے ایسے نئے مرکبات بھی تیار کیے جو SLU-PP-332 سے بھی زیادہ کام کرتے ہیں جبکہ نقصان بھی کم ہوتا ہے۔
مگر ابھی ان مرکبات کی آزمائش نہیں کی گئی ہے۔
محققین کے مطابق SLU-PP-332 اور دیگر مرکبات کو گردوں کے امراض، ہارٹ فیلیئر، موٹاپے یا دیگر بیماریوں سے لڑنے کے لیے بھی ممکنہ طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔
مگر ان کا کہنا تھا کہ ہم یہ نہیں کہتے کہ لوگ ورزش کرنا چھوڑ کر ادویات کھانا شروع کردیں اور خود سارا دن ایک جگہ بیٹھیں رہیں۔
اس تحقیق کے نتائج امریکن کیمیکل سوسائٹی کے سالانہ اجلاس کے موقع پر پیش کیے گئے۔