19 مارچ ، 2024
اِن فارم آل راؤنڈر عماد وسیم پاکستان سپر لیگ 9 کی ٹرافی جیتنے کے بعد مزید چار سے پانچ سال تک کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔
پاکستان سپر لیگ کے نویں سیزن کا فائنل گزشتہ شب ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا گیا جہاں اسلام آباد نے ملتان کو دو وکٹوں سے شکست دی۔
اس مقابلے میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے عماد وسیم پلیئر آف دی میچ قرار دیے گئے جنہوں نے 23 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو پویلین لوٹایا اور 17 گیندوں پر 19 ناقابل شکست رنز بنائے۔
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے عماد وسیم نے کہا کہ 'میں نے نہیں سوچا تھا کہ یہ ٹورنامنٹ میرے لیے بہترین ثابت ہوگا، میں بس اپنا اثر چھوڑنا چاہتا تھا اور میں بے حد خوش ہوں کہ یہ ایونٹ میرے لیے بہت اچھا گیا'۔
انہوں نے کہا کہ 'میں نے بیٹنگ میں تو کئی بار کارکردگی دکھائی لیکن فائنل میں پانچ وکٹیں حاصل کرنا اور اتنے اہم اور مشکل میچ میں جمے رہنا یہ میرے لیے نیا تجربہ تھا، لیکن میں نے سیکھا کہ ہمیں یہ میچ جلد ختم کرنا چاہیے تھا، مجھے خوشی ہے کہ حنین شاہ نے گیم ختم کیا'۔
عماد وسیم کا کہنا تھا کہ 'مجھے لگتا ہے میں کرکٹ کھیل کر خوش ہوں، میں فٹ ہوں اور زیادہ سے زیادہ ٹیم میں کردار ادا کرنے کی کوشش کرتا ہوں، مجھے لگتا ہے اب میں چار پانچ سال مزید کرکٹ کھیل سکتا ہوں'۔