جسمانی وزن میں کمی لانا چاہتے ہیں؟ تو سیب کے سرکے کا روزانہ استعمال شروع کر دیں

یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو
یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو

سیب کے سرکے کو متعدد افراد صحت کے لیے جادوئی سمجھتے ہیں۔

بیشتر افراد کا ماننا ہے کہ سرکے کی دیگر اقسام کے مقابلے میں سیب کا سرکہ واقعی حیران کن جادوئی اثرات کا حامل ہے۔

اس کا معتدل ذائقہ اور مہک بھی اس کی ساکھ کو بڑھاتی ہے۔

اب ماہرین نے دریافت کیا ہے کہ اس سرکے کا استعمال جسمانی وزن میں کمی لانے کے لیے بہترین ثابت ہو سکتا ہے۔

یہ بات لبنان میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

Holy Spirit یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ اس سرکے کو روزانہ کچھ مقدار میں استعمال کرنے سے جسمانی وزن میں کمی لانے میں مدد ملتی ہے۔

تحقیق میں 120 ایسے افراد کو شامل کیا گیا تھا جو موٹاپے کے شکار تھے۔

ان افراد کو 4 گروپس میں تقسیم کیا گیا، جن میں سے 3 گروپس کو روزانہ نہار منہ سیب کا سرکہ پینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ایک گروپ کو 5 ملی لیٹر، دوسرے کو 10 جبکہ تیسرے کو 15 ملی لیٹر سرکہ پینے کی ہدایت کی گئی جبکہ چوتھے گروپ کو سیال placebo کا استعمال کرایا گیا۔

ان افراد کو غذاؤں کے استعمال اور جسمانی سرگرمیوں کو تحریر کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔

3 ماہ کے بعد معلوم ہوا کہ سیب کے سرکے کو روزانہ پینے والے افراد کے جسمانی وزن میں 6 سے 8 کلو گرام کمی آئی۔

اسی طرح سیب کے سرکے کو پینے والے افراد میں بلڈ گلوکوز اور کولیسٹرول کی سطح میں بھی کمی آئی، جس سے امراض قلب کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

محققین نے تسلیم کیا کہ نتائج محدود ہیں اور اسی لیے وہ مزید تحقیق کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ نتائج سے ثابت ہوتا ہے کہ سیب کے سرکے کے استعمال سے موٹاپے سے بچنے میں مدد مل سکتی ہے۔

اس تحقیق کے نتائج بی ایم جی نیوٹریشن، پریونٹیشن اینڈ ہیلتھ میں شائع ہوئے۔

مزید خبریں :