Time 23 مارچ ، 2024
دنیا

ماسکو حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کرلی: امریکی میڈیا

فوٹو: رائٹرز
فوٹو: رائٹرز

عالمی دہشتگرد تنظیم داعش نے روسی دارالحکومت ماسکو کے نواحی علاقے کراکس کے سٹی ہال پر دہشتگرد حملے کی ذمہ داری  قبول کر لی ہے۔

امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ عالمی دہشتگرد تنظیم داعش نے سماجی رابطوں کی ایپلی کیشن ٹیلی گرام پر اپنے چینل پر  ماسکو کے نواحی علاقے کراکس کے سٹی ہال پر دہشتگرد حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔

دوسری جانب  ماسکو حملے سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے  یوکرینی صدارتی ایڈوائزر نے کہا ہے کہ ماسکو کنسرٹ ہال پر حملے سے یوکرین کا کوئی تعلق نہیں ہے۔

یوکرینی صدارتی ایڈوائزر کا کہنا تھا کہ ہماری جنگ روس اور اس کی افواج کے ساتھ ہے، ہر چیز سے قطع نظر تمام فیصلے میدان جنگ میں ہوں گے۔

واضح رہے کہ ماسکو کے نواحی علاقے کراکس کے سٹی ہال پر  پیرس کے بتاکلان تھیٹر کی طرز کے دہشتگرد حملے میں کم ازکم 40 افراد ہلاک جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

روسی میڈیا کے مطابق تین دہشتگردوں نے رات 8 بجے کے قریب کراکس سٹی ہال میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی اور ہال میں موجود لوگوں پر بم پھینکے جس سے عمارت کو آگ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

دہشتگردوں کی جانب سے بم پھینکنے کے بعد لگنے والی آگ میں سینکڑوں افراد اندر پھنس گئے جبکہ آتشزدگی سے عمارت کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے، ریسکیو اہلکاروں کی جانب سے 100 سے زائد پھنسے ہوئے افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا ہے اور جائے واقعہ پر مزید امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

روسی میڈیا کے مطابق کراکس سٹی ہال پر دہشتگرد حملے کے بعد ماسکو سمیت مختلف علاقوں میں مختلف تقریبات منسوخ کردی گئی ہیں۔

مزید خبریں :