وہ وجوہات جو آپ کو مچھروں کے لیے مقناطیس بنا دیتی ہیں

مچھر ہر سال لاکھوں اموات کا باعث بنتے ہیں / فائل فوٹو
مچھر ہر سال لاکھوں اموات کا باعث بنتے ہیں / فائل فوٹو

دنیا کا سب سے بہترین شکاری مچھروں کو تصور کیا جاتا ہے جن کے پھیلائے ہوئے امراض سے ہر سال لاکھوں افراد کا انتقال ہوتا ہے۔

میلبرن یونیورسٹی کے ایک تحقیقی مقالے کے مطابق مچھر طویل فاصلے سے محض آپ کی سانس کو سونگھ کر خون چوسنے کے لیے آ جاتے ہیں۔

ایک بار جب انہیں کھلی جِلد پر بیٹھے کا موقع مل جائے تو وہ خون چوسنا شروع کر دیتے ہیں۔

مچھروں کا لعاب دہن جِلد کو سن کر دیتا ہے تو ہمیں سوئی چبھنے کا احساس نہیں ہوتا، البتہ خارش سے اس کا علم ہوتا ہے۔

مچھروں کو خون سے پیٹ بھرنے کے لیے 90 سیکنڈ درکار ہوتے ہیں۔

مچھر متعدد امراض پھیلانے کا بھی کام کرتے ہیں جیسے ملیریا، ڈینگی اور دیگر۔

اور ہاں صرف مادہ مچھر ہی ہمارا خون چوستی ہے۔

مقالے میں بتایا گیا کہ زیادہ تر مچھر کسی بھی جاندار جیسے پرندے، ممالیہ جاندار اور مچھلی سب کا خون چوس لیتے ہیں مگر ڈینگی پھیلانے والے مچھر صرف انسانی خون کو ہی پسند کرتے ہیں۔

ماہرین نے بتایا کہ نہ صرف یہ مچھر دیگر ممالیہ جانداروں پر انسانوں کو ترجیح دیتے ہیں، بلکہ انسانوں میں بھی کچھ افراد ان کی توجہ کا خصوصی مرکز بنتے ہیں۔

یونیورسٹی کے لیبارٹری تجربات میں دریافت ہوا کہ کچھ افراد 90 فیصد سے زیادہ مچھروں کو اپنی جانب کھینچتے ہیں۔

تو مچھر مخصوص افراد کا خون کیوں پسند کرتے ہیں؟

ماہرین کے مطابق اگر دیگر افراد کے مقابلے میں مچھر آپ کو زیادہ کاٹتے ہیں تو اس کی وجہ آپ کی جسمانی مہک ہے۔

حالیہ تحقیقی رپورٹس سے ثابت ہوا ہے کہ جو افراد مچھروں کی توجہ کا مرکز بنتے ہیں، ان کی جِلد سے carboxylic acids کا اخراج زیادہ ہوتا ہے۔

سائنسدان مسلسل جاننے کی کوشش کررہے ہیں کہ آخر مخصوص جسمانی بو مچھروں کے لیے زیادہ پرکشش کیوں ہوتی ہے، ابھی اس کا جواب مکمل طور پر تو معلوم نہیں ہو سکا مگر یہ ضرور معلوم ہوچکا ہے کہ جینز، جلد پر موجود بیکٹریا اور ورزش وغیرہ اس حوالے سے کردار ادا کرنے والے عناصر ہیں۔

اس کے علاوہ بھی چند عناصر اس حوالے سے کردار ادا کرتے ہیں۔

مثال کے طور پر مچھر گہرے رنگ کے لباس پہننے والے افراد کی جانب زیادہ متوجہ ہوتے ہیں۔

مچھر زیادہ تر اپنی بینائی کو شکار کے لیے استعمال کرتے ہیں تو گہرے رنگ جیسے سیاہ، نیوی بلیو اور سرخ ان کی توجہ کا زیادہ مرکز بنتے ہیں۔

ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ سیاہ رنگ مچھروں کا پسندیدہ ہے۔

ایک عام خیال یہ بھی ہے کہ مچھر خون کے مخصوص گروپس کو زیادہ پسند کرتے ہیں۔

بلڈ گروپ کا تعین جینز سے ہوا ہے اور ہر گروپ کے لیے مخصوص پروٹینز کی ضرورت ہوتی ہے۔

اے، بی، اے بی اور او 4 بڑے بلڈ گروپس ہیں، ویسے تو اس حوالے سے حتمی طور پر طے نہیں ہوسکا کہ خون کا کونسا گروپ مچھروں کے لیے زیادہ پرکشش ہے مگر کچھ تحقیقی رپورٹس میں عندیہ دیا گیا ہے کہ او بلڈ گروپ مچھروں کی اشتہا بڑھاتا ہے۔

مزید خبریں :