نیلم جہلم پروجیکٹ نے پوری صلاحیت سے 969 میگاواٹ بجلی پیدا کی، واپڈ

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) کا کہنا ہے کہ ٹیل ریس ٹنل کی انسپکشن کےبعدنیلم جہلم پروجیکٹ نے دوبارہ بجلی پیدا کرنا شروع کر دی ہے۔

واپڈا کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ٹیل ریس ٹنل کی انسپکشن کے بعد نیلم جہلم پروجیکٹ نے گزشتہ روز پوری صلاحیت کے مطابق 969 میگاواٹ بجلی پیدا کی۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ ٹیل ریس ٹنل کی انسپکشن کے بعد نیلم جہلم پروجیکٹ نے رواں ماہ کے آغاز میں بجلی کی پیداوار دوبارہ شروع کی تھی،جس کے بعد پروجیکٹ سے پانی کی دستیابی کے مطابق لگاتار بجلی پیدا کی جا رہی ہے۔

واپڈا کے مطابق  نیلم جہلم پروجیکٹ کی بجلی دِن کے مختلف اوقات خصوصاً افطار اور سحر میں نیشنل گرڈ کو فراہم کی جا رہی ہے۔

واپڈا اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نیلم جہلم پروجیکٹ کے آپریشن کو ٹیل ریس ٹنل کی انسپکشن کے لیے 10 جنوری سے بند کیا گیا تھا ، ٹیل ریس ٹنل کی انسپکشن کے لیے لو فلو سیزن کا انتخاب کیا گیا تھا۔

واپڈا کے مطابق بین الاقوامی ماہرین پر مشتمل پینل نے بھی ٹیل ریس ٹنل کا معائنہ کیا۔

واضح رہے کہ نیلم جہلم پروجیکٹ آزاد کشمیر میں دریائے نیلم پر 2018میں تعمیر کیا گیا، یہ ایک منفرد پن بجلی منصوبہ ہے، جس کا 90 فی صد حصہ زیر زمین واقع ہے۔

واپڈا کے مطابق نیلم جہلم نیشنل گرڈ کو ہر سال اوسطاً 4 ارب 60کروڑ یونٹ بجلی مہیا کرتا ہے ،یہ پروجیکٹ اپنے آپریشن کے دوران اب تک 19 ارب 56 کروڑ یونٹ بجلی پیدا کرچکا ہے۔

مزید خبریں :