دنیا
Time 01 اپریل ، 2024

ترکیہ بلدیاتی انتخابات: حکمران جماعت کی بدترین کارکردگی، اپوزیشن انقرہ اور استنبول سے کامیاب

فوٹو: رائٹرز
فوٹو: رائٹرز

ترکیہ کے بلدیاتی انتخابات میں صدر اردوان اور ان کی جماعت کو بڑا دھچکا لگ گیا ہے، دارالحکومت انقرہ اور استنبول سمیت ملک کے 15 شہروں میں میئر کی نشستوں پر حزبِ اختلاف کے امیدواروں نے کامیابی حاصل کر لی۔

استنبول کے میئر امام اوغلو کو تقریباً 10 پوائنٹس کی برتری حاصل ہوئی جبکہ انقرہ میں موجودہ اپوزیشن میئر منصور یاواش کی جیت کا جشن منانے کیلئے ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے۔

صدر اردوان اور ان کی جماعت کو دو  دہائیوں سے زیادہ کے اقتدار میں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ  حزبِ اختلاف کی ریپبلکن پیپلز پارٹی نے  70 سال بعد تاریخی کامیابی حاصل کی ہے۔

بلدیاتی انتخاب میں خراب کارکردگی اور حزب اختلاف کی کامیابی پر اپنے بیان میں ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ 31 مارچ ہمارے لیےاختتام نہیں ٹرننگ پوائنٹ ہے، مئی کے الیکشن میں جیت کے9 ماہ بعد ہم مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کر سکے۔

انہوں  نے کہاکہ ترک عوام نےووٹ کےذریعےسیاست دانوں کواپنا پیغام پہنچادیا ہے، نتائج کا پارٹی میں جائزہ لیں گے اور اپنااحتساب کریں گے۔

مجموعی طورپر بلدیاتی انتخابات میں حکمران اےکے پارٹی کو 340 اور حزبِ اختلاف کی جماعت ری پبلکن پیپلز پارٹی(CHP) کو 240 اضلاع میں برتری ہے۔

واضح رہے کہ ترکیہ میں بلدیاتی انتخابات کیلئے ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔

بلدیاتی انتخابات کے دوران صدر اردوان کے جمہور اتحاد (پیپلز الائنس) اور حزب اختلاف کی جماعت ری پبلکن پیپلز پارٹی (CHP) کے درمیان سخت مقابلہ ہے۔

حزبِ اختلاف کی جماعت ری پبلکن پیپلز پارٹی (CHP) نے انقرہ کے علاوہ ملک کے بڑے شہروں میں میئر کی 9 دیگر نشستیں بھی حاصل کر لی ہیں۔

تر کیہ کے دارالحکومت انقرہ میں موجودہ اپوزیشن میئر منصور یاواس کی جیت کا جشن منانے کیلئے ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بڑھتی مہنگائی کی وجہ سے بھی صدر اردوان اور ان کی اے کے پارٹی (AKP) کی کارکردگی، استنبول میں ایگزٹ پولز کی پیش گوئی سے بھی بدتر رہی۔ 2019 میں بھی ریپبلکن پیپلز پارٹی کے اکرم امام اوغلو نے استنبول میں دو دہائیوں سے برسر اقتدار اردوان اور ان کی جماعت کے امیدوار کو شکست دی تھی۔

ترکیہ کے بلدیاتی انتخابات میں 81 صوبوں اور 973 اضلاع سمیت 390 قصبوں میں میئر کا انتخاب کیا جا رہا ہے۔