02 اپریل ، 2024
چین میں شاپنگ مال کی دوسری منزل کی چھت گرنے سے خاتون سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ چینی شہر ژین جیانگ میں پیش آیا جہاں شاپنگ مال کی دوسری منزل کی چھت کا ٹکڑا اچانک گرگیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شاپنگ مال میں نصب سی سی ٹی وی کی فوٹیج حاصل کی گئی ہے جس میں عمارت کی چھت کو گرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک خاتون کپڑے کی دکان میں شاپنگ کیلئے آئی اور وہ کپڑوں کو دیکھ ہی رہی تھی کہ اچانک چھت کا ٹکڑا گرا جس سے خاتون بھی ملبے تلے دب گئی۔
بتایا جارہا ہے کہ یہ واقعہ دوسری منزل پر پیش آیا جب کہ عمارت کی پہلی منزل پر مزدور کام کررہے تھے جو حادثے کا شکار ہوگئے اور ملبے تلے دب گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر ملبے تلے دبے مزدور اور خاتون کو نکال کر قریبی اسپتال منتقل کیا جہاں دونوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔