پاکستان
Time 02 اپریل ، 2024

عمران خان کا ججوں کے خط کے ازخود نوٹس پر فل کورٹ بنانے کا مطالبہ

سابق وزیراعظم عمران خان نے سپریم کورٹ سے اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججوں کے خط کے ازخود نوٹس پر فل کورٹ بنانے کا مطالبہ کردیا۔

اڈیالا جیل میں صحافیوں سے گفتگو میں بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ججوں کے خط کے کیس میں فل کورٹ بنایا جائے۔

دوسری جانب عمران خان کے فل کورٹ کے مطالبے پر ردعمل دیتے ہوِئے وفاقی وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اور اس کے بانی کا کہا قانون نہیں، آئین پر عمل ہوگا۔

جیو نیوز سے گفتگو میں اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ چیف جسٹس اور سینیئر ججز کمیٹی کی صوابدید ہے کس معاملے پر کون سا بینچ تشکیل دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اپنے دور میں ججوں کے خلاف ریفرنس بنانے والے مشورے نہ دیں تو بہتر ہوگا۔

خیال رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کے خط کے معاملے پر سپریم کورٹ نے از خود نوٹس لیا ہے اور 7 رکنی بینچ تشکیل دیا گیا ہے جس کی سربراہی چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کریں گے۔

بینچ میں شامل دیگر ججز میں جسٹس منصورعلی شاہ، جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس مسرت ہلالی، جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس نعیم اختر افغان شامل ہیں۔

سپریم کورٹ اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کے خط کے معاملے کی سماعت بدھ کو کرے گی۔

یاد رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججز نے چند روز قبل سپریم جوڈیشل کونسل کو ایک خط میں عدالتی معاملات میں دخل اندازی کا معاملہ اٹھایا تھا۔

مزید خبریں :