04 اپریل ، 2024
وہاڑی میں سیوریج لائن کی صفائی کے دوران زہریلی گیس کے باعث 2 مزدور دم توڑ گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق وہاڑی کے نواحی گاؤں 35 ڈبلیو بی کے رہائشی ماموں بھانجا عمران اور مشتاق، وہاب چوک کے قریب نجی ہاؤسنگ اسکیم میں بغیر حفاظتی آلات کے مین سیوریج لائن کی صفائی کر رہے تھے کہ زہریلی گیس کی وجہ سے بے ہوش ہوئے اور موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیم نے دونوں مزدوروں کو نکالا اورلاشوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کردیا۔
پولیس کے مطابق پوسٹ مارٹم کے بعد مزید کارروائی کی جائےگی۔
دوسری جانب واقعے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نےکمشنر سےرپورٹ طلب کرلی ہے۔
مریم نواز نے ضلعی انتظامیہ کو ورکرز سیفٹی یقینی بنانےکی سخت ہدایت کرتے ہوئے کہا ہےکہ غفلت برتنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔