08 اپریل ، 2024
زمین پر 8 اپریل کو سورج گرہن امریکا اور میکسیکو سمیت چند ممالک میں دیکھنے میں آئے گا۔
مگر ہمارے پڑوسی سیارے مریخ پر سورج گرہن کا نظارہ کیسا ہوتا ہے؟
امریکی خلائی ادارے ناسا کی جانب سے اس کا جواب دیا گیا ہے۔
ناسا نے گزشتہ دنوں مریخ پر موجود روور پرسیورینس کی جانب سے ریکارڈ کی گئی 2 ویڈیوز سوشل میڈیا پر جاری کیں۔
ان دونوں ویڈیوز میں مریخ کے دونوں چاند ڈیموس اور فوبوس سے ہونے والے سورج گرہن کو دکھایا گیا ہے۔
یہ دونوں سورج گرہن مختلف مہینوں میں ہوئے تھے۔
ناسا کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ نظام شمسی میں صرف زمین ہی ایسا سیارہ نہیں جہاں سورج گرہن کا نظارہ ہوتا ہے، ایسا مریخ پر بھی ہوتا ہے۔
بیان کے مطابق مریخ کے چاند اتنے بڑے تو نہیں کہ سورج کو ڈھانپ لیں مگر وہاں ہونے والے سورج گرہن کا نظارہ ضرور دلچسپ ہوتا ہے۔
ناسا کے مطابق یہ گرہن جنوری میں پرسیورینس نے ریکارڈ کیا تھا۔
ڈیموس زمین کے چاند کے مقابلے میں مریخ سے 16 گنا زیادہ قریب ہے مگر اس کا رقبہ محض 7.5 میل کا ہے۔
گرہن کا یہ عمل محض 2 منٹ میں مکمل بھی ہوگیا۔
آلو کی ساخت کے اس چاند سے ہونے والا سورج گرہن فروری میں ہوا تھا جسے پرسیورینس نے کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کیا، جس کی ویڈیو آپ اوپر دیکھ سکتے ہیں۔
فوبوس ڈیموس کے مقابلے میں بڑا ہے جس کا رقبہ 14 میل ہے۔
اس سورج گرہن کو رئیل ٹائم میں دکھایا گیا۔
سائنسدانوں کے مطابق فوبوس ہر100 سال میں مریخ سے 6 فٹ قریب ہو رہا ہے اور اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو یہ آئندہ 5 کروڑ برسوں میں مریخ سے ٹکرا سکتا ہے یا بکھر کر ایک رنِگ بنا سکتا ہے۔