Time 02 اگست ، 2024
صحت و سائنس

آپ کو روزانہ کتنی بار منہ دھونا چاہیے؟

اس سوال کا جواب اتنا سادہ نہیں / فائل فوٹو
اس سوال کا جواب اتنا سادہ نہیں / فائل فوٹو

چہرہ یا منہ دھونا بظاہر بہت آسان اور سادہ کام ہے مگر کئی بار اس کے لیے وقت نکالنا بھی مشکل ہو جاتا ہے۔

مگر اس سے بھی زیادہ اہم سوال یہ ہے کہ آخر ایک فرد کو روزانہ کتنی بار چہرہ دھونا چاہیے؟

اس کا آسان جواب یہ ہے کہ اس کا کوئی حتمی جواب نہیں کیونکہ ہر فرد کی جِلد مختلف ہوتی ہے۔

جہاں تک تفصیلی جواب کی بات ہے تو یہ سادہ عمل کافی پیچیدہ ہو جاتا ہے۔

منہ دھونے کی تعداد کے حوالے سے جِلد کو ہی مدنظر رکھ کر فیصلہ کیا جا سکتا ہے کہ دن بھر میں کتنی بار منہ کو دھونا چاہیے۔

مگر ماہرین کا کہنا ہے کہ ہر فرد کو صبح اور رات کو اپنا منہ دھونا چاہیے یا یوں کہہ لیں کہ روزانہ کم از کم 2 بار ضرور چہرے کو دھو لینا چاہیے۔

اگر پسینہ بہت زیادہ خارج ہو رہا ہو تو پھر چہرے کو تیسری بار بھی دھویا جا سکتا ہے۔

ماہرین نے بتایا کہ اگر آپ دن بھر میں صرف ایک بار منہ دھوتے ہیں تو یہ کام سونے سے قبل کرنا چاہیے تاکہ دن بھر میں جِلد پر اکٹھی ہونے والی گرد اور چکنائی کی صفائی ہو سکے۔

خشک یا حساس جِلد ہونے پر کتنی بار منہ دھونا چاہیے؟

خشک یا حساس جِلد کے مالک افراد کو روزانہ 2 بار منہ دھونے سے خارش کے مسئلے کا سامنا ہو سکتا ہے۔

تو انہیں دن بھر میں کم از کم ایک بار منہ دھونا چاہیے جبکہ رات کو اچھے وائپس کا استعمال کرنا چاہیے تاکہ جِلد کی صفائی ہو سکے۔

چکنی یا کیل مہاسوں سے متاثر جِلد کو کتنی بار دھونا چاہیے؟

ماہرین کے مطابق چکنی یا کیل مہاسوں سے متاثر جِلد کے مالک افراد کو دن میں 2 بار سے زیادہ منہ دھونے کی ضرورت نہیں ہوتی۔

چہرے کو بہت زیادہ دھونے سے جِلد خشک ہو جاتی ہے جس کی روک تھام کے لیے غدود زیادہ چکنائی بنانے لگتے ہیں، جس کے باعث چہرے کی جِلد زیادہ چکنی ہو جاتی ہے یا کیل مہاسے زیاہ ابھرنے لگتے ہیں۔

میک اپ کے استعمال پر کتنی بار منہ دھونا چاہیے؟

چہرے سے میک اپ کو درست طریقے ہٹایا نہ جائے تو مسام بند ہو سکتے ہیں جس سے دانے نکلتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق میک اپ استعمال کرنے والی خواتین کو صبح اچھی طرح منہ دھونا چاہیے اور رات کو بھی وائپس سے چہرے کی صفائی کرنا چاہیے۔

ورزش کرنے والوں کو کتنی بار منہ دھونا چاہیے؟

پسینے کے اخراج کا باعث بننے والی ہر سرگرمی کے بعد منہ کو دھونے کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ پسینے اور گرد کی صفائی ہو سکے۔

بہت زیادہ یا کم منہ دھونے سے کیا ہوتا ہے؟

چہرہ بہت کم دھونے سے مسام بلاک ہو جاتے ہیں جس کے نتیجے میں بلیک ہیڈ، کیل مہاسوں اور جِلد کے دیگر مسائل کا خطرہ بڑھتا ہے۔

اسی طرح منہ کو بہت زیادہ دھونے سے خارش، جِلد کے کھچاؤ یا خشکی جیسے مسائل کا سامنا ہوتا ہے۔

نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔

مزید خبریں :