14 اپریل ، 2024
کراچی میں دن بھر بارش اوربوندا باندی کا سلسلہ جاری رہا اورکچھ مقامات پرٹوٹی سڑکوں کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔
کراچی میں بارش کے باعث گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور کراچی کا موسم خوشگوار ہوگیا۔ یونیورسٹی روڈ، صدر، ملیر، قائدآباد گڈاپ سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں بھی بارش ہوئی۔
نیوکراچی سرجانی، لیاقت آباد، نمائش سمیت کہیں کہیں پانی کھڑا ہوا تاہم ٹوٹی ہوئی سڑکوں کے باعث مسافروں کو زیادہ مشکلات پیش آئیں۔
نیاناظم آباد میں گھر پر آسمانی بجلی گری تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ خراب موسم کے باعث کچھ پروازیں منسوخ تو کچھ تاخیر کا شکار ہوئیں جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی بھی جاری رہی۔
سب سے زیادہ سرجانی ٹاؤن میں 29ملی میٹربارش ہوئی۔ ناظم آباد میں 21، گلشن حدید 20 کیماڑی اور فیصل بیس پر 19، مسروربیس پر 18 اور کورنگی میں 17 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
بارش نے درختوں اور پھول پودوں پرلگی گرد صاف کردی۔ چھٹی کے دن خوشگوار موسم سے لطف اٹھانے کیلئے شہریوں نے تفریحی مقامات کارخ کیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 18 اور 19 اپریل کو بھی کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔