15 اپریل ، 2024
دنیا بھر میں آئی فونز کو بہت زیادہ پسند کیا جاتا ہے مگر لگتا ہے کہ اب لوگوں کی دلچسپی کم ہوتی جا رہی ہے۔
درحقیقت 2024 کی پہلی سہ ماہی کے دوران ایپل کی عالمی اسمارٹ فون مارکیٹ میں گرفت نمایاں طور پر کمزور ہوئی ہے۔
عالمی سطح پر اسمارٹ فونز کی فروخت کے اعداد و شمار پر نظر رکھنے والی کمپنی آئی ڈی سی کی رپورٹ کے مطابق جنوری سے مارچ 2024 کے دوران آئی فونز کی فروخت میں گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 10 فیصد کمی دیکھنے میں آئی۔
اس کمی کے باعث سام سنگ نے رواں سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران دنیا میں سب سے زیادہ فونز فروخت کرنے والی کمپنی کا اعزاز ایک بار پھر اپنے نام کرلیا۔
اس سے قبل 2023 میں ایپل نے سام سنگ کو پیچھے چھوڑ دیا تھا۔
مگر 2024 کی پہلی سہ ماہی کے دوران چین میں آئی فونز کی طلب میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی۔
چین ایپل کی سب سے بڑی مارکیٹ ہے مگر امریکا کی جانب سے چینی ایپس کے خلاف اقدامات پر چینی حکومت کی جانب سے امریکی مصنوعات کے خلاف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب اینڈرائیڈ فونز تیار کرنے والی کمپنیوں کی ڈیوائسز کی مانگ میں اضافہ ہوا۔
مجموعی طور پر اس عرصے کے دوران اسمارٹ فونز کی فروخت کی فروخت میں گزشتہ سال کی پہلی سہ ماہی کے مقابلے میں 7.8 فیصد اضافہ ہوا اور 28 کروڑ سے زائد فونز فروخت ہوئے۔