16 اپریل ، 2024
گوگل کی جانب سے ایک نئے طریقے کی آزمائش کی جا رہی ہے جو جی میل صارفین کے ایک بڑے مسئلے کا حل ثابت ہوگا۔
ایک رپورٹ کے مطابق جی میل میں مینج سبسکرپشنز نامی سیکشن جی میل کی موبائل ایپ میں شامل کیا جا رہا ہے۔
یہ سیکشن ایپ کے سائیڈ بار مینیو میں موجود ہوگا جس میں سبسکرپشن کی جانے والی تمام ای میل ایڈریسز کا مواد موجود ہوگا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ صارفین ای میل گروپس کو مختلف کیٹیگریز میں بھی تقسیم کر سکیں گے جبکہ ہر ای میل ایڈریس کے برابر ان سبسکرائب بٹن موجود ہوگا۔
اس سے انہیں علم ہو سکے گا کہ کس ایڈریس سے سب سے زیادہ نیوز لیٹرز موصول ہوتے ہیں۔
ابھی اس فیچر پر کام جاری ہے تو ابھی معلوم نہیں کہ اسے کب تک متعارف کرایا جا سکتا ہے۔
مگر یہ جی میل صارفین کے لیے ایک کارآمد فیچر ہے جس سے وہ سبسکرپشن مواد کو ایک جگہ دیکھ کر غیر ضروری ای میل ایڈریسز کو اس لسٹ سے خارج کر سکیں گے۔
اس سے قبل جی میل میں زیادہ نمایاں ان سبسکرائب بٹن کے فیچر پر بھی کام کیا جا رہا تھا۔
اسی طرح جی میل کے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) پر مبنی ایک دلچسپ فیچر بھی متعارف کرایا جا رہا ہے۔
اس فیچر سے کسی بھی ای میل کو پڑھنے کی بجائے آپ اس کا خلاصہ یا سمری دیکھ سکیں گے۔
یہ فیچر اے آئی ٹیکنالوجی کو استعمال کرکے طویل ای میلز کے اہم نکات تیار کر دے گا۔
اس فیچر کے لیے جی میل ایپ میں ایک نئے بٹن کا اضافہ کیا جائے گا۔