07 اپریل ، 2024
جی میل کے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) پر مبنی ایک دلچسپ فیچر متعارف کرایا جا رہا ہے۔
اس فیچر سے کسی بھی ای میل کو پڑھنے کی بجائے آپ اس کا خلاصہ یا سمری دیکھ سکیں گے۔
یہ فیچر اے آئی ٹیکنالوجی کو استعمال کرکے طویل ای میلز کے اہم نکات تیار کر دے گا۔
رپورٹ کے مطابق فیچر کا مقصد ہی مصروف افراد کو سہولت فراہم کرنا ہے جن کے لیے اسمارٹ فون میں مسلسل طویل ای میلز کو پڑھنا مشکل ہوتا ہے۔
اس فیچر کی بدولت وہ افراد تیزی سے کسی ای میل کے اہم نکات کو جان کر اس کے مطابق جواب دے سکیں گے۔
اس فیچر کے لیے جی میل ایپ میں ایک نئے بٹن کا اضافہ کیا جائے گا۔
summarize this email نامی اس فیچر پر ابھی کام جاری ہے اور اس کا اشارہ جی میل ایپ کے کوڈ میں ملا ہے۔
خیال رہے کہ جی میل کی اینڈرائیڈ ایپ میں ایک نیا چیٹ اسٹائل ریسپانس انٹرفیس بھی متعارف کرایا جا رہا ہے۔
اس فیچر سے جی میل کی ای میلز پر ریپلائی کرنے کا تجربہ کسی میسجنگ ایپ جیسا ہو جائے گا۔
ابھی جی میل پر جب کسی ای میل پر ریپلائی کیا جاتا ہے تو ایک نئی ریپلائی ونڈو اوپن ہوتی ہے جس میں اوپر موجود تفصیلات ٹکڑوں میں نظر آتی ہیں۔
مگر اس نئے فیچر سے جب آپ ریپلائی بٹن پر کلک کریں گے تو اوپر موجود ای میل واٹس ایپ میسج پر ریپلائی کی طرح نظر آئے گی۔
اس سے ای میل پر موجود پیغام کو پڑھ کر اس پر جواب دینے میں مدد ملے گی اور یہ یاد کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی کہ ای میل میں کیا لکھا تھا۔
اس طرح کا ڈیزائن اب تک میسجنگ ایپس جیسے واٹس ایپ میں ہی نظر آتا ہے۔