16 اپریل ، 2024
یوٹیوب نے جون 2023 میں یوٹیوب کی جانب سے عالمی سطح پر ایڈ بلاکرز کو ڈس ایبل کرنے کے 'چھوٹے تجربے' کا اعلان کیا تھا۔
اس کے بعد 2023 کی آخری سہ ماہی میں عالمی سطح پر ایڈ بلاکر کے استعمال کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا گیا تھا۔
اب گوگل کی زیر ملکیت سروس کی جانب سے ایسی تھرڈ پارٹی ایپس کے خلاف بھی کریک ڈاؤن شروع کیا جا رہا ہے۔
یوٹیوب کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جو صارفین اشتہارات کو بلاک کرنے کے لیے کسی تھرڈ پارٹی ایپ کااستعمال کرتے ہیں، ان کے لیے ایپ میں ویڈیوز دیکھنا ممکن نہیں ہوگا اور ایک ایرر میسج آئے گا۔
بیان میں کہا گیا کہ ہم اس بات کو واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ہمارے اصولوں کے مطابق اشتہارات روکنے کے لیے تھرڈ پارٹی ایپس کے استعمال کی اجازت نہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ یوٹیوب پر اشتہارات سے کریٹیرز اور اس سروس کو استعمال کرنے والے اربوں افراد کو سپورٹ بھی ملتی ہے، مگر اشتہارات بلاک کرنے سے صارفین کو ویڈیوز کے ویوز سے ہونے والی آمدنی میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے۔
کمپنی کی جانب سے اشتہارات بلاک کرنے والی ایپس کو بلاک لسٹ کیا جائے گا۔
آسان الفاظ میں یوٹیوب کو اشتہارات سے پاک رکھنے کے لیے استعمال کی جانے والی تھرڈ پارٹی ایپس جلد کام کرنا چھوڑ دیں گی، جبکہ صارفین کے لیے ویڈیوز کو دیکھنا بھی ممکن نہیں ہوگا۔
جب تک صارف کی جانب سے ایڈ بلاکر کو ڈس ایبل نہیں کیا جائے گا، اس کے لیے یوٹیوب ویڈیوز دیکھنا ممکن نہیں ہوگا۔
کمپنی کے مطابق اشتہارات کے بغیر یوٹیوب ویڈیوز دیکھنے کے لیے صارفین پریمیئم سروس کا انتخاب کر سکتے ہیں۔