ملت ایکسپریس واقعہ: پولیس اہلکار کی گرفتاری کیلئے وزارت داخلہ کو خط تحریر

پولیس نے تشدد کا نشانہ بننے کے بعد پر اسرار طور پر ہلاک ہونے والی خاتون مریم کے خاندان کو طلبی کا نوٹس جاری کردیا/ اسکرین گریب
پولیس نے تشدد کا نشانہ بننے کے بعد پر اسرار طور پر ہلاک ہونے والی خاتون مریم کے خاندان کو طلبی کا نوٹس جاری کردیا/ اسکرین گریب

بہاولپور: ملت ایکسپریس میں خاتون  پر پولیس اہلکار کے تشدد اور موت کی تحقیقات کیلئے  مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی گئی۔

پولیس کے مطابق تھانہ چنی گوٹھ میں ریلوے پولیس اہلکار میر حسن کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے، نامزد ملزم میر حسن کی گرفتاری کے لیے وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا ہے، ملزم میرحسن ریلوے پولیس کا ملازم اور سندھ کا رہائشی ہے۔

دوسری جانب  پولیس نے تشدد کا نشانہ بننے کے بعد پر اسرار طور پر ہلاک ہونے والی خاتون مریم کے خاندان کو طلبی کا نوٹس جاری کردیا ہے جس میں مریم کے بھائی، بھتیجا اوربھتیجی کو طلب کیا گیا ہے۔

پولیس کا بتانا ہے کہ مریم کے قتل کا مقدمہ 16 اپریل کو درج کیا گیا تھا جب کہ مریم کےگھر والوں کو 20 اپریل کو تھانہ چنی گوٹھ میں طلب کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل چلتی ٹرین میں خاتون اور بچے پر پولیس اہلکار کے تشدد کی ویڈیو سامنے آئی تھی جس کے بعد تشدد کرنے والے اہلکار کو گرفتار کر لیا گیا، بعد ازاں خاتون پر تشدد کرنے والا ریلوے پولیس اہلکار ضمانت پر رہا ہوگیا تھا۔

سامنے آنے والی ویڈیو میں خاتون کو یہ کہتے سنا جا سکتا ہے کہ ’مار کیوں رہا ہے، مار نہیں، مار نہیں‘۔