Time 22 اپریل ، 2024
پاکستان

آرمی چیف سے ایرانی صدر کی ملاقات، دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر اتفاق کیا گیا

پاک ایران سرحد پر باہمی رابطے مضبوط کرنے کی ضرورت ہے، جنرل عاصم منیر— فوٹو:آئی ایس پی آر
پاک ایران سرحد پر باہمی رابطے مضبوط کرنے کی ضرورت ہے، جنرل عاصم منیر— فوٹو:آئی ایس پی آر

آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر نے بتایاکہ ملاقات میں علاقائی امن و استحکام اور بارڈرسکیورٹی کے امورپر بھی گفتگو کی گئی اور علاقائی استحکام و اقتصادی خوشحالی کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف اور ایرانی صدر کی ملاقات میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر اتفاق کیا گیا۔

آرمی چیف نے پاک ایران سرحد کو "امن اور دوستی کا بارڈر" قرار دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے بارڈر سے متعلق بہتر کوآرڈینیشن کی ضرورت پر زور دیا۔ 

اس موقع پرآرمی چیف کا کہنا تھاکہ پاک ایران سرحد پر باہمی رابطے مضبوط کرنے کی ضرورت ہے، دونوں ملکوں کے درمیان بہتر کوآرڈی نیشن سے دہشت گرد اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے۔

ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کا کہنا تھاکہ دونوں مسلح افواج کے درمیان تعاون کے فروغ سے دونوں ممالک اور خطے کے لیے امن و استحکام حاصل کیا جا سکتا ہے۔

مزید خبریں :