پاکستان
Time 23 اپریل ، 2024

ایرانی صدر کا آج لاہور اور کراچی کا دورہ، دونوں شہروں کیلئے ٹریفک پلان جاری

ایرانی صدر کی آمد کے موقع پر لاہور کی رنگ روڈ جبکہ کراچی میں شاہراہ فیصل، شاہراہ قائدین، ایم اے جناح روڈ سمیت متعدد راستے عام ٹریفک کیلئے بند ہوں گے— فوٹو: فائل
ایرانی صدر کی آمد کے موقع پر لاہور کی رنگ روڈ جبکہ کراچی میں شاہراہ فیصل، شاہراہ قائدین، ایم اے جناح روڈ سمیت متعدد راستے عام ٹریفک کیلئے بند ہوں گے— فوٹو: فائل

پاکستان کے تین روزہ سرکاری دورے پر موجود ایرانی صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی آج لاہور اور کراچی کا دورہ کریں گے، ایرانی صدر کی آمد کے موقع پر دونوں شہروں میں متعدد راستوں کو بند کیا جائے گا جبکہ عوام کی سہولت کیلئے ٹریفک پلان جاری کردیے گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق ایران کے صدر کی آج لاہور آمد کے موقع پر متعدد سڑکیں عام ٹریفک کیلئے بند رہیں گی۔

پولیس کے مطابق رنگ روڈ آج صبح 6 بجے  سے شام 3 بجے تک ہر قسم کی عام ٹریفک کیلئے بند رہے گی، لاہور کے باہر سے آنے والی ٹریفک کو کالا شاہ کاکو سے موڑا جائے گا۔

دوسری جانب آج کراچی کی متعدد سڑکیں بھی سہ پہر 3 بجے سے شام 5 بجے تک بند رکھی جائیں گی۔

ٹریفک پولیس کے مطابق ایرانی صدر کی کراچی آمد کے موقع پر شاہراہ فیصل ٹریفک کیلئے مکمل طور پر بند رہے گی، عام شہری گرومندر سے شاہراہ فیصل تک شاہراہ قائدین بھی استعمال نہیں کر پائیں گے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق ایرانی صدر کے دورے کے موقع پر  ایم اے جناح روڈ کے دونوں ٹریک بھی گرومندر سے گارڈن چوک تک مکمل بند ہوں گے ساتھ ہی ضیا الدین احمد روڈ بھی 3 سے 5 بجے تک بند رہے گی۔

ٹریفک پولیس نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ ڈیفنس سے ائیرپورٹ جانے والے قیوم آباد، کورنگی، قائد آباد اور ملیر ہالٹ کا راستہ استعمال کریں جبکہ ٹاور اور کیماڑی سے ائیرپورٹ جانےوالی ٹریفک لیاری ایکسپریس وے، سہراب گوٹھ، ملیر کینٹ اور ماڈل کالونی کے راستے استعمال کر سکیں گی۔

ٹریفک پلان کے مطابق ائیر پورٹ سے صدر جانے والے ماڈل کالونی، جناح ایوینیو، صفورا چورنگی کا راستہ استعمال کرسکیں گے جبکہ گرومندر سے صدر جانے والے لسبیلہ چوک، نشتر روڈ، البیلہ سگنل، رام سوامی، سول اسپتال کا راستہ استعمال کر پائیں گے۔

ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری ٹریفک پلان میں شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ جامع کلاتھ سے نمائش جانے والے عید گاہ، گارڈن چوک، آغا خان سوئم روڈ اور چڑیا گھر کا راستہ استعمال کریں۔

واضح رہے کہ ایرانی صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی، اہلیہ اور اعلیٰ سطح کے حکومتی اور تجارتی وفد کے ہمراہ تین روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچے ہیں جہاں انہوں نے صدر مملک آصف علی زرداری،  وزیراعظم  شہباز شریف، آرمی چیف جنرل عاصم منیر سمیت دیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں کی ہیں۔

ایرانی صدر کے اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ پاکستان کے دورے کے موقع پر دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے گئے ہیں۔

وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر ابراہیم رئیسی بھی شریک تھے، اس دوران پاکستان اور ایران کے درمیان 8 شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔

پاکستان اور ایران کے درمیان جوائنٹ اکنامک فری زون پر توثیق جبکہ سویلین معاملات میں عدالتی امور پر ایم او یو پر دستخط ہوئے۔

 ایرانی صدر آج لاہور اور کراچی کا دورہ کریں گے جہاں وہ مزار اقبال اور مزار قائد پر بھی حاضری دیں گے۔

مزید خبریں :