26 اپریل ، 2024
فلسطینیوں کے حق میں ہونے والے مظاہرے امریکا اور فرانس کے بعد آسٹریلیا کی یونیورسٹی تک پھیل گئے۔
عرب میڈیا کے مطابق آسٹریلیا میں سڈنی یونیورسٹی میں طلبہ نے احتجاجی کیمپ لگا لیے۔
طلبہ نے آسٹریلوی وزیراعظم کی اسرائیل اور غزہ کے بارے میں پالیسی کے خلاف نعرے بازی کی اور آسٹریلوی حکومت سے غزہ میں تشدد کی شدید مذمت کرنے کا مطالبہ کیا۔
طلبہ نے حکومت سے مزید مطالبہ کیاکہ اسرائیل سے منسلک کمپنیوں سے علیحدگی اختیار کی جائے۔
اس سے قبل پیرس میں درجنوں طلبہ نے سوربون یونیورسٹی کے باہر احتجاج کیا جبکہ یونیورسٹی میں تقریر کے لیے آئے فرانسیسی صدر سے فلسطینیوں کی مدد کا مطالبہ بھی کیا گیا۔
خیال رہے کہ امریکا کی متعدد یونیورسٹیوں میں فلسطینیوں کی حمایت میں مظاہرے جاری ہیں، بعض یونیورسٹیوں میں انتظامیہ کی جانب سے مظاہروں کو ختم کرنے کے لیے طاقت کا استعمال کرتے ہوئے درجنوں طلبا کو گرفتار کرلیا گیا۔