28 اپریل ، 2024
وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب میں وفد کے ہمراہ صدر اسلامی ترقیاتی بینک سے ملاقات کی جس میں پاکستان کے معاشی معاملات سے متعلق امور پر گفتگو کی گئی۔
ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس کے لیے سعودی عرب میں موجود وزیراعظم شہباز شریف نے صدر اسلامی ترقیاتی بینک ڈاکٹر الجاسر سے ملاقات میں کہا کہ پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری کو صحیح خطوط پراستوار کرنےکیلئے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) فعال ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا اسلامی ترقیاتی بینک پاکستان کو شراکت داری، تعمیرنو اور روزگارمیں مدد فراہم کر رہا ہے۔
صدر اسلامی ترقیاتی بینک ڈاکٹر الجاسر نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اسلامی ترقیاتی بینک کا بانی رکن اور انتہائی اہم ممبر ہے، اللہ تعالیٰ نے پاکستان کوبھرپور قدرتی و آبی وسائل سے نوازا ہے۔
ڈاکٹر الجاسر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس بہت بڑی افرادی قوت ہے جس سے بھرپور طریقے سے مستفید ہوا جا سکتا ہے، پاکستان کی خوشحالی اور بہتری کے لیے دعاگو ہیں۔
صدر اسلامی ترقیاتی بینک سے ملاقات میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیراطلاعات عطا تارڑ بھی موجود تھے۔