12 مئی ، 2024
اگر آپ ٹیلی ویژن (ٹی وی) پر یوٹیوب دیکھنے کے عادی ہیں تو بہت جلد آپ اس میں ایک چھوٹی مگر کافی نمایاں تبدیلی دیکھیں گے۔
ویڈیو شیئرنگ سروس کی جانب سے یوٹیوب کی اینڈرائیڈ ٹی وی ایپ کو تبدیل کیا جا رہا ہے۔
کمپنی کی جانب سے ایک نئی اپ ڈیٹ کے ذریعے یوٹیوب ٹی وی ایپ کی سائیڈ بار کو تبدیل کیا جا رہا ہے۔
اس نئی اپ ڈیٹ کے بعد جب بھی آپ یوٹیوب کی مینیو سائیڈ بار پر جائیں گے تو ایک نیا ڈیزائن دیکھنے میں آئے گا۔
خیال رہے کہ یہ سائیڈ بار مختلف ٹیبز پر مشتمل ہوتی ہے اور اس میں ہوم، میوزک، موویز اینڈ ٹی وی، نیوز، گیمنگ، سبسکرپشن، لائبریری اور مور (more) آئیکونز نظر آتے ہیں۔
مگر نئی اپ ڈیٹ کے ذریعے اس سائیڈ بار کو چھوٹا کیا جا رہا ہے اور اب یہ سرچ، ہوم، میوزک، موویز اینڈ ٹی وی اور مور (more) پر مشتمل ہوگی۔
نئی سائیڈ بار میں یہ سب آپشنز کیپسول کی شکل کے آئیکونز میں نظر آئیں گے۔
ہر آپشن بیک گراؤنڈ میں پہلے کے مقابلے زیادہ نمایاں ہوگا۔
یہ واضح رہے کہ یہ تبدیلیاں بس ڈیزائن کے حوالے سے ہیں، ان کے استعمال کے طریقہ کار میں کوئی تبدیلی نہیں کی جا رہی۔
ان نئی تبدیلیوں کا مقصد ایپ کے میٹریل یو ڈیزائن کو بہتر بنانا ہے۔
کمپنی کی جانب سے یہ نیا ڈیزائن بتدریج صارفین کے لیے متعارف کرایا جا رہا ہے۔
البتہ کمپنی کی جانب سے باضابطہ طور پر اس کا اعلان نہیں کیا گیا مگر پھر بھی یہ اپ ڈیٹ متعدد صارفین کو دستیاب ہے۔