Time 13 مئی ، 2024
سائنس و ٹیکنالوجی

اگر آپ گوگل کروم استعمال کرتے ہیں تو اسے فوری اپ ڈیٹ کرلیں

کمپنی نے کروم میں ایک سنگین سکیورٹی کمزوری کو دریافت کیا / فائل فوٹو
کمپنی نے کروم میں ایک سنگین سکیورٹی کمزوری کو دریافت کیا / فائل فوٹو

اگر آپ گوگل کروم ویب براؤزر استعمال کرتے ہیں تو فوری طور پر اسے اپ ڈیٹ کرلیں۔

گوگل کی جانب سے دنیا کے مقبول ترین ویب براؤزر میں موجود ایک بڑی سکیورٹی خامی دور کرنے کے لیے اپ ڈیٹ کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ دنیا بھر میں انٹرنیٹ استعمال کرنے والے 50 سے 60 فیصد افراد براؤزنگ کے لیے گوگل کروم کو ترجیح دیتے ہیں، تو اس میں موجود سکیورٹی کمزوری بہت بڑا خطرہ ثابت ہوسکتی ہے۔

کمپنی کی جانب سے اس سکیورٹی کمزوری کو سنگین قرار دیا گیا ہے جس سے ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز اور لیپ ٹاپس پر گوگل کروم استعمال کرنے والوں کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔

گوگل نے بتایا کہ CVE-2024-4671 نامی سکیورٹی بگ سے صارفین کو خطرہ لاحق ہے۔

یہ سکیورٹی کمزوری کروم کے اس حصے میں دریافت ہوئی جو ویب رینڈرنگ میں مدد فراہم کرتا ہے اور اسی وجہ سے براؤزر کو فوری اپ ڈیٹ کرنا ضروری ہے۔

اس کمزوری کو استعمال کرکے ہیکرز صارفین کو خصوصی طور پر تیار کردہ نقصان دہ ویب سائٹ کی جانب لے جاتے ہیں اور انہیں صارف کے ڈیٹا تک رسائی مل جاتی ہے یا وہ سسٹم کو کنٹرول کرنے کے قابل ہو جاتے ہیں۔

اس سکیورٹی خامی کی سنگینی کا اعتراف کرتے ہوئے گوگل کی جانب سے فوری طور پر اپ ڈیٹ کی گئی۔

گوگل کی جانب سے اس سکیورٹی کمزوری کے حوالے سے زیادہ تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

کروم براؤزر کو اپ ڈیٹ کیسے کریں؟

عموماً گوگل کروم خودکار طور پر اپ ڈیٹ ہوجاتا ہے۔

اگر آپ کو معلوم نہیں کہ براؤزر اپ ڈیٹ ہوچکا ہے یا نہیں تو تھری ڈاٹ مینیو پر کلک کرکے سیٹنگز میں جائیں۔

وہاں اباؤٹ کروم پر کلک کریں جو پیج کے بائیں جانب سب سے نیچے ہوگا۔

اس کے بعد کروم کی جانب سے بتایا جائے گا کہ براؤزر اپ ٹو ڈیٹ ہے، اگر نہیں ہوگا تو وہ اپ ڈیٹ ہونا شروع جائے گا۔

اس کے بعد بس ری لانچ کریں گے تو کروم اپ ڈیٹ ہوجائے گا۔

مزید خبریں :