16 مئی ، 2024
گوگل سرچ دنیا کا مقبول ترین انٹرنیٹ سرچ انجن ہے اور اس میں ایک بظاہر معمولی مگر بہت کارآمد تبدیلی کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ گوگل کی سالانہ کانفرنس کے دوران اعلان کیا گیا تھا کہ گوگل سرچ کو آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی سرچ انجن میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔
مگر جو صارفین اے آئی پر مبنی مواد دیکھنا نہیں چاہتے، وہ کیا کریں؟
اس کے لیے گوگل سرچ میں ویب کے نام سے ایک نیا فلٹر متعارف کرایا گیا ہے۔
2 دہائیوں سے زائد عرصے قبل جب گوگل کی بنیاد رکھی گئی تھی تو کمپنی کا مقصد ایک ایسا سرچ انجن تیار کرنا تھا جو بہت سادہ ہو۔
اس سرچ انجن میں صارفین کے سامنے ان کی سرچ انکوائری سے متعلق ویب لنکس سامنے آتے تھے، مگر اب گوگل سرچ بہت بدل چکا ہے۔
مثال کے طور پر اگر آپ کسی چیز کو خریدنے کے حوالے سے گوگل پر سرچ کرتے ہیں تو ڈسپلے نالج پینلز یا دیگر نکات سامنے آتے ہیں جبکہ اب اے آئی اوور ویوز فیچر کے تحت سرچ رزلٹس کے اوپر مختصر سمری نظر آئے گی، یعنی ویب سائٹس کے لنکس مزید نیچے چلے جائیں گے۔
اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے گوگل کی جانب سے ویب فلٹر متعارف کرایا گیا ہے۔
اس فلٹر پر کلک کرنے پر صارف کے سامنے صرف ٹیکسٹ لنکس شو ہوں گے، جیسا امیجز یا ویڈیوز فلٹرز پر کلک کرنے پر صرف تصاویر یا ویڈیوز نظر آتی ہیں۔
ویب فلٹر کا آپشن امیجز اور ویڈیوز جیسے فلٹرز کے ساتھ موجود ہوگا یا More آپشن میں نظر آئے گا۔
یعنی نالج کارڈ یا اے آئی اوور ویوز کی بجائے صرف ویب لنکس کو تلاش کرنا ممکن ہوگا۔
واضح رہے کہ اے آئی اوور ویوز کے ساتھ ساتھ گوگل کی جانب سرچ انجن میں دیگر فیچرز جیسے آرگنائزڈ سرچ رزلٹس کو بھی متعارف کرایا جا رہا ہے۔