15 مئی ، 2024
گوگل نے تحریر سے ویڈیو تیار کرنے والا آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی مبنی ایک نیا ٹول ویو (Veo) متعارف کرایا ہے۔
گوگل کی سالانہ ڈویلپر کانفرنس کے موقع پر اس اے آئی ٹول کو متعارف کرایا گیا۔
کمپنی کے مطابق ویو سے صارفین کو سابقہ ماڈلز کے مقابلے میں زیادہ معیاری اور بہترین ریزولوشن پر مبنی ویڈیوز محض لکھ کر تیار کرنے کا موقع ملے گا۔
اے آئی ٹیکنالوجی کی مدد سے ویڈیو کو تیار کرنے والے ٹولز نئے نہیں مگر گوگل ویو زیادہ جدید اے آئی ٹیکنالوجی سے لیس ہے۔
اس سے قبل چیٹ جی پی ٹی تیار کرنے والی کمپنی اوپن اے آئی بھی Sora کے نام سے ٹیکسٹ ٹو ویڈیو ٹول تیار کر چکی ہے۔
گوگل کا نیا ٹول 1080p ریزولوشن پر مبنی ایک منٹ طویل ویڈیو محض آپ کے چند الفاظ تحریر کرنے پر بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
کمپنی کے مطابق صارفین اس ویڈیو میں سنیماٹک ایفیکٹس بھی تحریری ہدایات کے ذریعے شامل کر سکیں گے۔
خاص بات یہ ہے کہ ہر بار ویڈیو کو شروع سے تبدیل کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ ایک بار اسے بنانے کے بعد بھی مخصوص حصوں کو تحریری ہدایات سے ایڈٹ کرنا ممکن ہوگا۔
مگر یہ ٹول ابھی تمام صارفین کو دستیاب نہیں ہوگا۔
گوگل نے بتایا کہ فی الحال یہ ٹول مخصوص صارفین کو دستیاب ہوگا، مگر کمپنی کی جانب سے مستقبل قریب میں اسے یوٹیوب شارٹس اور دیگرایپس کے لیے متعارف کرانے کا وعدہ کیا گیا ہے۔