17 مئی ، 2024
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ایلیٹ فورس کی وردی پہن کر پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت کی اور جوانوں سے خطاب بھی کیا۔
مریم نواز نے ایلیٹ فورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب پولیس پر لگے دھبے دھوئیں گے، آئی جی پنجاب پولیس فورس میں تبدیلیاں لا رہے ہیں، جو بھی ضرورت ہوگی پوری کی جائے گی۔
پاس آؤٹ ہونے والوں میں 70 خواتین بھی شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ جب قوم کی بیٹیاں بھی بیٹوں کے شانہ بشانہ اپنے فرائض ادا کریں گی تو قوم کو ان پر فخر ہوگا۔
پاسنگ آؤٹ پریڈ میں خطاب میں مریم نواز نے مزید کہا کہ آپ قوم کے ان چند خوش قسمت بیٹوں ، بیٹیوں میں سے ہیں جن کو وردی پہن کر ملک کی خدمت کرنا نصیب ہوتی ہے۔
بعد ازاں وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت ایلیٹ پولیس فورس ہیڈکوارٹرز میں اجلاس ہوا جس میں آئی جی پنجاب نے امن وامان کی صورت حال پر بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پولیس افسران اور اہلکاروں کی سائبر کرائم انویسٹی گیشن ٹریننگ مکمل کر لی گئی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے مریم نواز کے پنجاب پولیس کا یونیفارم پہننے کو کچھ لوگوں نے سراہا تھا جبکہ کچھ نے ان پر تنقید کی تھی۔