19 مئی ، 2024
گھر میں گیس کا چولہا آپ کی صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے اور امریکا میں اس کے نتیجے میں ہر سال ہزاروں افراد ہلاک ہو جاتے ہیں۔
یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
جرنل سائنس ایڈوانسز میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ جن گھروں میں گیس کے چولہے ہوتے ہیں، وہاں رہنے والے نائٹروجن ڈی آکسائیڈ سے بھرپور فضا میں سانس لیتے ہیں۔
یہ گیس فضا کو آلودہ کرکے انسانی صحت کو نقصان پہنچاتی ہے اور اس کے نتیجے میں طویل المعیاد بنیادوں پر دمہ کا خطرہ بڑھتا ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ اس آلودگی سے ہر سال امریکا میں 19 ہزار افراد ہلاک ہو جاتے ہیں۔
تحقیق میں مزید بتایا گیا کہ یہ چولہے قدرتی گیس سے جلتے ہیں اور اس گیس کو جلانے سے نائٹروجن ڈائی آکسائیڈ اور کاربن مونو آکسائیڈ جیسی گیسیں فضا میں خارج ہوتی ہیں۔
طویل المعیاد بنیادوں پر اس آلودگی سے پھیپھڑوں کے افعال کی کارکردگی متاثر ہوتی ہے اور نظام تنفس کے امراض کا خطرہ بڑھتا ہے۔
اسٹینفورڈ یونیورسٹی کی اس تحقیق میں شامل ماہرین نے بتایا کہ نتائج سے دریافت ہوا کہ گیس کے چولہے صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ہم نے تصور نہیں کیا تھا کہ چولہے جلانے سے صحت کو اتنا نقصان ہو سکتا ہے کیونکہ اس سے خارج ہونے والی گیسیں چولہے بند ہونے کے کئی گھنٹے بعد بھی فضا میں موجود رہتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ چھوٹے گھروں میں یہ خطرہ زیادہ ہوتا ہے کیونکہ وہاں لوگ ان گیسوں سے دوگنا زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔
محققین کے مطابق اس مسئلے سے بچنا بہت آسان ہے، اگر آپ گیس کا چولہا استعمال کرتے ہیں تو فضا کو آلودہ ہونے سے بچانے کے لیے ہوا کی نکاسی کے اچھے نظام کا استعمال ضروری ہے۔