Time 16 مئی ، 2024
صحت و سائنس

توند سے نجات کے لیے ہر ہفتے کتنی ورزش کرنا ضروری ہے؟

یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو
یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو

توند نکلنے سے پریشان ہیں اور کھانا دیکھ کر ہاتھ روکنا مشکل ہو جاتا ہے؟

تو جسمانی چربی کو گھلانے کے لیے بس ہر ہفتے 5 گھنٹے ورزش کو معمول بنا لیں۔

یہ بات نیدر لینڈز میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

Aberdeen یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ کس طرح جسمانی چربی میں اضافے کی بجائے اسے گھلا کر جسمانی توانائی کے لیے استعمال کرنا ممکن ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ ہر ہفتے تسلسل سے 5 گھنٹے ورزش کرنے کی عادت سے جسم اندرونی چربی کو گھلا کر توانائی کے لیے استعمال کرتا ہے۔

اس تحقیق میں صحت مند ایتھلیٹس اور ذیابیطس ٹائپ 2 کے مریضوں پر مشتمل 2 گروپس شامل کیے گئے تھے۔

ذیابیطس کے مریض ورزش کرنا پسند نہیں کرتے تھے جبکہ ایتھلیٹس ہر ہفتے ساڑھے 9 گھنٹے ورزش کرتے تھے۔

محققین کی جانب سے دونوں گروپس کو اپنے معمولات ایک دوسرے سے تبدیل کرنے کی ہدایت کی گئی۔

تحقیق کے آغاز اور طرز زندگی کے معمولات میں تبدیلی کے بعد دونوں گروپس میں شامل افراد کے جسمانی نمونوں کو اکٹھا کرکے جسم کے اندر چربی کی مقدار کا تجزیہ کیا گیا۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ جب ذیابیطس کے مریضوں نے ہر ہفتے 5 گھنٹے ورزش کو عادت بنایا تو انسولین کی حساست بہتر ہوگئی، کولیسٹرول اور گلوکوز لیول کی سطح میں کمی آئی۔

تحقیق میں یہ بھی دریافت کیا گیا کہ ورزش کرنے سے جسم نے چربی گھلا کر توانائی کے لیے استعمال کرنا شروع کر دیا۔

محققین نے بتایا کہ نتائج سے ثابت ہوتا ہے کہ ورزش کو معمول بنانے سے ہمارے جسم کا چربی ذخیرہ کرنے کا نظام تبدیل ہوتا ہے اور ہمارا جسم اس چربی کو توانائی کے حصول کے لیے گھلاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جسمانی طور پر متحرک ہوکر ہم اپنے جسم کی چربی گھلانے کی صلاحیت کو بہتر بنا سکتے ہیں۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل نیچر کمیونیکیشنز میں شائع ہوئے۔

مزید خبریں :