Time 20 مئی ، 2024
دلچسپ و عجیب

ایشیائی نژاد شہری لاٹری سے ایک ارب ڈالرز سے زائد کا انعام جیتنے کے بعد کیا کرنے والا ہے؟

چینگ سی فن / فوٹو بشکریہ اسکائی نیوز
چینگ سی فن / فوٹو بشکریہ اسکائی نیوز

کینسر سے 8 سال سے جنگ لڑنے والا لاؤس نژاد امریکی شہری نے لاٹری کی ٹکٹوں سے ایک ارب 30 کروڑ ڈالرز کا انعام جیتنے کے ایک ماہ بعد اپنے مستقبل کے منصوبے بتائے ہیں۔

46 سالہ چینگ سی فن نامی شخص نے اپریل 2024 میں پاور بال لاٹری کا جیک پاٹ جیتا تھا اور انعامی رقم اپنی اہلیہ اور ایک دوست کے ساتھ تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا۔

وہ 1994 میں لاؤس سے امریکا منتقل ہوئے تھے اور ایرو اسپیس مشینیں بنانے کا کام کرتے ہیں۔

انہوں نے 29 اپریل کو یہ انعام اپنی 37 سالہ اہلیہ Duanpen Saephan اور 55 سالہ دوست Laiza Chao کے ساتھ حاصل کیا۔

چونکہ چینگ سی فن نے پوری انعامی رقم ایک ساتھ لینے کا فیصلہ کیا تو ٹیکسوں کی مد میں بہت زیادہ کٹوتی ہوئی۔

 ٹیکسوں کی کٹوتی کے بعد چینگ سی فن کو 42 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم دی گئی جو جیک بال لاٹری کی تاریخ کا چوتھی بڑی انعامی رقم ہے۔

اس انعامی رقم کے لاٹری ٹکٹوں کی خریداری کے لیے Laiza Chao نے 100 ڈالرز دیے تھے تو چینگ سی فن نے انہیں 50 فیصد انعامی رقم دینے کا فیصلہ کیا جبکہ چینگ سی فن اور ان کی اہلیہ کے حصے میں باقی رقم آئے گی۔

جب چینگ سی فن کو لاٹری جیتنے کا علم ہوا تو انہوں نے اپنی اہلیہ اور دوست کو فون کیا۔

انہوں نے بتایا کہ 'میری بیوی ملازمت کے لیے جا رہی تھی مگر میں نے کہا کہ اب مزید کام کرنے کی ضرورت نہیں'۔

لاٹری کے نتیجے سے ایک دن قبل Laiza Chao نے ٹکٹوں کی تصویر چینگ سی فن کو بھیجتے ہوئے مذاق میں لکھا کہ ہم ارب پتی بننے والے ہیں۔

چینگ سی فن کے مطابق 'میں ابھی کینسر سے جنگ لڑ رہا ہوں، تو مجھے سوچنا ہوگا کہ کس طرح یہ تمام دولت خرچ کروں'۔

البتہ انعام جیتنے کے بعد انہوں نے خود سے وعدہ کیا ہے کہ وہ کینسر کے علاج کے لیے ایک اچھا ڈاکٹر ضرور تلاش کریں گے۔

مگر اب انہیں اپنے بیوی بچوں کے مستقبل کی فکر نہیں کیونکہ اب وہ دولت مند ہو چکے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وہ کروڑ پتی بننے کے باوجود معمول کی طرح زندگی گزاریں گے مگر وہ اپنے خاندان کے لیے ایک اچھا گھر ضرور خریدنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے انعامی لاٹری ٹکٹ ریاست اوریگن سے خریدا تھا اور جس دکان سے انہوں نے ٹکٹ خریدا اسے بھی 10 لاکھ ڈالرز کا بونس ملا ہے۔

اس ریاست کے قوانین کے مطابق لاٹری جیتنے والوں کو گمنام رہنے کی اجازت نہیں۔

مزید خبریں :