Time 22 مئی ، 2024
پاکستان

رؤف حسن پر حملہ: اسلام آباد پولیس نے تحقیقات کیلئے خواجہ سراؤں سے مدد طلب کرلی

فوٹو: اسکرین شاٹ
فوٹو: اسکرین شاٹ

اسلام آباد پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن پر حملے کی تحقیقات کے لیے خواجہ سراؤں سے مدد طلب کرلی۔

ذرائع کے مطابق  اسلام آباد پولیس نے جڑواں شہروں کے خواجہ سراؤں کےگرو  سے مدد طلب  کی ہے۔

خواجہ سرا کمیونٹی کی عہدیدار نایاب علی نے جیو نیوز سےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  رؤف حسن  پر حملےکی  ویڈیو دیکھی، حملہ آور خواجہ  سرا نہیں لگتے۔

خواجہ سرا نایاب کے مطابق  یہ ہماری کمیونٹی کو بدنام کرنےکی سازش ہے، ویڈیو میں نظر آنے والے افراد کی باڈی لینگویج  خواجہ سراؤں جیسی نہیں۔

خیال رہےکہ رؤف حسن پر حملےکا مقدمہ نامعلوم خواجہ سراؤں کے خلاف تھانہ آبپارہ میں رؤف حسن کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، مقدمے میں اقدام قتل  اور  جان سے مارنے کی دھمکیوں سمیت دیگر الزامات شامل ہیں۔

ایف آئی آر کے مطابق رؤف حسن ٹی وی پروگرام میں شرکت کے بعد پارکنگ کی طرف جا رہے تھے تو حملہ ہوا، بظاہر خواجہ سرا نظر آنے والے شخص نے روک کر حملہ کیا اور اسی دوران مزید 3 خواجہ سرا جیسے افراد آگئے اور جان لیوا حملہ کیا۔

ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ جان سے مارنے کے لیے تیز دھار آلے سے گردن کاٹنے کی کوشش کی گئی، جیسے ہی خود کو بچانے پیچھےہٹا تو چہرے پر تیز دھار آلے سے کٹ لگا۔

ایف آئی آر کے مطابق 2 روز قبل اسلام آباد کے علاقے بلیوایریا میں بھی خواجہ سراؤں سے آمنا سامنا ہوا تھا اور ایسے ہی حملے کی کوشش ہوئی تھی۔

مزید خبریں :