Time 24 مئی ، 2024
پاکستان

دفتر سیل کیے جانے کے بعد پی ٹی آئی کا میدان میں ٹینٹ لگا کر پارٹی اجلاس

گزشتہ رات اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا دفتر سیل کیے جانے کے بعد  آج  پی ٹی آئی کی جانب سے اسی جگہ میدان میں ٹینٹ لگاکر اجلاس کیا گیا۔ 

اجلاس میں سی ڈی اے اور پولیس کے خلاف قانونی چارہ جوئی سے متعلق بھی مشاورت بھی کی گئی۔ 

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے سی ڈی اے کی کارروائی کو یلغار قرار دیتے ہوئے کہا کہ واضح کرنا چاہتے ہیں ہم پر امن ہیں۔

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہاکہ عامر مغل کو رات کو  پولیس گردی کا نشانہ بنایا گیا، ایڈووکیٹ علی بخاری اور ہم نے رات کو عامر ڈوگر کو ریکور کیا، آج ہم پر دہشت گردی کے پرچے درج ہوگئے۔ 

سینیٹر شبلی فراز نے کہاکہ یہ سیاسی طور پر تحریک انصاف کا مقابلہ نہیں کرسکتے، اب طاقت کا استعمال کررہے ہیں، فسطائیت اور جبر کا نظام آخری ہچکولے کھارہا ہے۔

 متعلقہ سیکرٹریٹ سے متعلق جیو نیوز کو حاصل دستاویز کے مطابق پلاٹ سرتاج نامی شخص سے 7 جولائی 2020 کو تحریک انصاف کے نام منتقل ہوا، سابق سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی ارشد داد نے قانونی کارروائی مکمل کرائی، ٹرانسفر لیٹر پر سی ڈی اے حکام کے دستخط بھی موجود ہیں۔


مزید خبریں :