27 مئی ، 2024
گوگل سرچ میں گزشتہ دنوں اے آئی اوور ویوز نامی فیچر کا اضافہ کیا گیا تھا۔
آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی اس فیچر میں صارفین کو سرچ رزلٹس کے ساتھ مختلف جوابات بھی دیے جاتے ہیں۔
اس سے ہٹ کر بھی گوگل سرچ میں اب اتنے زیادہ فیچرزموجود ہیں جس کے باعث مطلوبہ مواد سرچ کرنا کافی مشکل ہو گیا ہے۔
مگر گزشتہ دنوں گوگل سرچ میں ویب کے نام سے ایک نیا فلٹر متعارف کرایا گیا۔
اس فلٹر پر کلک کرنے پر صارف کے سامنے صرف ٹیکسٹ لنکس شو ہوں گے، جیسا امیجز یا ویڈیوز فلٹرز پر کلک کرنے پر صرف تصاویر یا ویڈیوز نظر آتی ہیں، یعنی سرچ پیج بہت سادہ ہو جائے گا۔
مگر یہ فلٹر ابھی امیجز اور ویڈیوز جیسے فلٹرز کے ساتھ More آپشن میں چھپا ہوا ہے۔
مگر آپ اسے گوگل سرچ کا ڈیفالٹ فلٹر بھی بنا سکتے ہیں۔
جی ہاں واقعی ایسا ممکن ہے اور یہ ٹِرک گوگل کروم کی سیٹنگز میں چھپی ہوئی ہے۔
اس کے لیے گوگل کروم میں سیٹنگز اوپن کرکے بائیں جانب سرچ انجن پر کلک کریں اور وہاں Manage search engines and site search کا انتخاب کریں۔
وہاں نیچے اسکرول کرکے سائٹ سرچ سیکشن میں ایڈ بٹن پر کلک کریں۔
آپ کے سامنے نیم، شارٹ کٹ اور یو آر ایل کے آپشنز آئیں گے۔
نیم پر آپ گوگل ویب فلٹر درج کریں، شارٹ کٹ میں جی ڈبلیو ایف اور یو آر ایل میں یہ لنک https://www.google.com/search?q=%s&udm=14 کاپی پیسٹ کرکے سیو بٹن پر کلک کریں۔
اس کے بعد سائٹ سرچ میں موجود اس آپشن کے تھری ڈاٹ مینیو پر کلک کرکے Make default کا انتخاب کریں۔
ایسا کرنے سے وہ آپ کا ڈیفالٹ سرچ انجن بن جائے گا اور ہر بار گوگل پر سرچ کرنے پر صرف ویب لنکس نظر آئیں گے۔
اگر گوگل سرچ کے دیگر فیچرز استعمال کرنا چاہتے ہیں تو پھر دوبارہ سیٹنگز میں جاکر ڈیفالٹ سرچ انجن کو تبدیل کر دیں۔