27 مئی ، 2024
آنتوں کا کینسر دنیا میں سرطان کی تیسری سب سے عام قسم ہے اور دنیا بھر میں اس کے کیسز کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔
اب اس کینسر کے پھیلاؤ کی ایک اہم وجہ کو دریافت کیا گیا ہے اور وہ ہے رات گئے کھانا کھانے کی عادت۔
اس سے پہلے بھی مختلف تحقیقی رپورٹس میں رات گئے کھانا کھانے کی عادت کو موٹاپے اور دیگر امراض سے منسلک کیا گیا ہے۔
مگر اب ایک نئی تحقیق میں بتایا گیا کہ رات گئے کھانا کھانے کی عادت سے آنتوں کے کینسر سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
درحقیقت ہفتے میں محض 4 دن سونے کے وقت سے 3 گھنٹے قبل کھانا کھانے سے کینسر کی اس قسم کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
اس تحقیق میں 664 ایسے افراد کو شامل کیا گیا تھا جو کینسر کی اسکریننگ کروا چکے تھے۔
ان میں سے 42 فیصد افراد نے بتایا کہ وہ رات گئے کھانا کھانے کے عادی ہیں۔
تحقیق کے دوران دریافت کیا گیا کہ رات گئے کھانا کھانے والے افراد میں رسولی کا امکان دیگر کے مقابلے میں 46 فیصد زیادہ ہوتا ہے۔
ضروری نہیں کہ ایسی رسولی کینسر کا نتیجہ ہو مگر وقت گزرنے کے ساتھ کینسر سے متاثر ہونے کا خطرہ 5 سے 10 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔
اس خطرے کا انحصار رسولی کے حجم اور غذائی نالی میں اس کے مقام پر ہوتا ہے۔
محققین نے بتایا کہ زیادہ تر تحقیقی رپورٹس میں اس بات پر زور دیا جاتا ہے کہ ہماری غذا کیا ہونی چاہیے مگر کھانے کے اوقات پر توجہ مرکوز نہیں کی جاتی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ لوگوں کو پھلوں اور سبزیوں کا زیادہ استعمال جبکہ سرخ گوشت کا کم استعمال کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے جو کہ درست ہے مگر ہم یہ دیکھنا چاہتے تھے کہ کھانے کے اوقات اس حوالے سے کیا اثرات مرتب کرتے ہیں۔
تحقیق میں اس کی ممکنہ وجہ بھی بیان کی گئی۔
تحقیق کے مطابق سونے کے وقت کے قریب کھانا کھانے سے جسم کی اندرونی گھڑی پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
رات گئے کھانے سے جسم کے اعضا کے لیے یہ سمجھنا مشکل ہو جاتا ہے کہ کب دن رات میں تبدیل ہوگیا۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ جب آپ رات گئے کھانا کھاتے ہیں تو دماغ کو تو معلوم ہوتا ہے کہ یہ رات کا وقت ہے مگر ہمارے معدے کو لگتا ہے کہ یہ دن کا وقت ہے جس سے آنتوں کے کینسر کا خطرہ بڑھتا ہے۔
محققین کے مطابق یہی وجہ ہے کہ جوان افراد میں کینسر کی اس قسم کے کیسز کی شرح میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
انہوں نے تسلیم کیا کہ یہ تحقیق کسی حد تک محدود ہے کیونکہ اس میں کلینیکل ٹرائل نہیں کیا گیا، تو اس حوالے سے مزید تحقیق کرنے کی ضرورت ہے۔
مگر ان کا کہنا تھا کہ رات گئے کھانا کھانے والے افراد عموماً چکنائی اور چینی سے بھرپور غذاؤں کو پسند کرتے ہیں جس سے معدے میں موجود بیکٹریا کا توازن بگڑتا ہے اور کینسر کا خطرہ بڑھتا ہے۔