Time 04 جون ، 2024
دنیا

میرے تیسرے دور اقتدار میں بھارت دنیا میں تاریخ رقم کرےگا: مودی

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ہے کہ آج بڑا منگل ہے، حکمران اتحاد این ڈی اے آج تیسری بار سرکار بنانے جارہا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی انتخابات میں برتری حاصل کرنے پر بی جے پی ہیڈکوارٹر پر پارٹی کارکنوں نے جشن منایا، اس موقع پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بی جے پی ہیڈکوارٹر میں کارکنوں سے خطاب بھی کیا۔

نریندر مودی نے کہا کہ بھارتی عوام نے این ڈی اے پر پورا بھروسا کیا ہے، آج دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کی جیت ہے، یہ 140 کروڑ بھارتیوں کی جیت ہے۔

نریندر مودی نے بھارتی الیکشن کیمشن اور الیکشن کا کام کرنے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اتنی گرمی میں سب لوگوں نے بہترین کام کیا۔

مودی نے کہا کہ ہم نے دنیا کو جمہوریت کی طاقت دکھائی ہے، 1962 کے بعد پہلی بار کوئی حکومت دو مدتیں پوری کر کے تیسری بار اقتدار میں آرہی ہے۔

نریندر مودی نے کہا کہ ریاستی اسمبلیوں میں بھی حکمران اتحاد نے بڑی کامیابی حاصل کی ہے، سکّم، اڑیسہ اور آندھراپردیش میں اپوزیشن کانگریس کا صفایا ہوگیا ہے۔

نریندر مودی نے کہا کہ آزادی کے 70 برس بعد 12 کروڑ لوگوں کو پانی ملا، 4 کروڑ لوگوں کو پکے گھر ملے، ہم نے بھارت کے 25 کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالا ہے۔

مودی نے اپنے خطاب میں کہا کہ 80 کروڑ ضرورت مندوں کو مفت راشن کی سہولت ملی، چار کروڑ غریبوں کو نئے گھر ملے،کروڑوں غریبوں کو 5 لاکھ تک کے مفت علاج کی سہولت ملی۔

نریندر مودی نے کہا کہ بھارت کے عوام نے مجھے نیا اعتماد دیا ہے، بھارتی عوام 10 گھنٹے کام کریں گے، مودی 18 گھنٹے کام کرےگا۔

نریندر مودی کا کہنا تھا کہ بھارتی ساتھ مل کر آگے بڑھیں گے، میرے تیسرے دور اقتدار میں بھارت دنیا میں تاریخ رقم کرےگا۔

مزید خبریں :